بچلی چوروں،نادہندگان کیخلاف فوری کارروائی شروع کی جائے،نگران وزیراعظم

اسلام آباد (بیورو رپورٹ)وفاقی حکومت نے بجلی چوروں کےخلاف بھرپور کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرصدارت بجلی شعبے کا جائزہ اجلاس ہوا، حکام نے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی بجلی چوری کرنےوالے عناصر کےخلاف فوری کارروائی شروع کرکے روزانہ کی بنیاد پر پیشرفت رپورٹ پیش کی جائے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا حکومت بجلی چوروں کےخلاف بھرپور ایکشن لے گی، بجلی کے آئندہ پیداواری منصوبوں میں قابل تجدید و ہائیڈل ذرائع کو ترجیح دی جائے، تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات میں کمی کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں، ٹرانسفارمر میٹرنگ کے منصوبے کے اطلاق کیلئے جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے۔ انوار الحق کاکڑ نے کہا بجلی واجبات کے نادہندگان کےخلاف بھی صوبوں اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کےساتھ ملکر فوری کارروائی شروع کی جائے، نادہندگان اور بجلی چوروں کےخلاف کارروائی میں کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔

وزیر اعظم نے کہا چھوٹے ہائیڈل منصوبوں کیلئے ماہرین کی رہنمائی میں منصوبے بنا کر پیش کئے جائیں۔ ایسے منصوبے نہ صرف کم لاگت بجلی پیدا کریں گے بلکہ موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ کوئلے سے بجلی بنانے کے منصوبوں میں مہنگے درآمدی کوئلے کی بجائے مقامی کوئلے کو ترجیح، 2400 میگاواٹ شمسی توانائی منصوبوں کی تعمیر پر جلد سے جلد کام شروع اور پورے عمل میں شفافیت یقینی بنائی جائے، حکومت بجلی شعبے کا گردشی قرضہ کم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریگی۔

اجلاس میں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو نقصان والے ڈسکوز پر بھی بریفنگ دی گئی، نگران وزیراعظم نے ریکوری کےلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ملکی معیشت کے استحکام کےلئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں۔

علاوہ ازیں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرصدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی پر اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، انوار الحق کاکڑ نے ملکی ترقی میں حکومتی و نجی شعبے کے اشتراک کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دینے کیلئے مزید مواقع تلاش کرنے کی ضرورت ہے، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دےکر حکومتی اخراجات میں کمی، منصوبوں کی کارکردگی میں بہتری لائی جاسکتی ہے، ملک کے مغربی علاقوں کو مشرقی علاقوں تک بہتر رسائی دینے کیلئے ایسٹ ویسٹ کنیکٹیویٹی پرجامع پلان پیش کیا جائے۔

نگران وزیراعظم نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دینے سے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سے روابط میں بہتری آئیگی اور قومی اتحاد مزید مضبوط ہوگا۔

دریں اثنا نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے ملاقات کی، وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ڈاکٹر شمشاد اختر نے وزیراعظم کو موجودہ ملکی معاشی صورتحال پر بریفنگ دی۔ انوار الحق کاکڑ نے ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کےلئے موثر حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کردی۔