عمران، قریشی کی سائفر کیس میں ضمانت کا معاملہ لٹک گیا

اسلام آباد (بیورورپورٹ)عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں ضمانت کا معاملہ لٹک گیا،دونوں کی ضمانت درخواستوں پر سماعت نہ ہوسکی، جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی رخصت کے باعث سماعت 7ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔

عدالتی عملے کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم کو بتایا گیا جج ابوالحسنات ذوالقرنین 8ستمبر تک چھٹیوں پر ہیں ،لیگل ٹیم ایڈمنسٹریٹو جج راجہ جواد عباس حسن کی عدالت جا پہنچی اور ضمانت درخواستیں سننے کی استدعا کردی۔

ایڈمنسٹریٹو جج راجہ جواد عباس حسن نے ریمارکس دیئے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت کا ڈیوٹی جج نہیں ہوں، خصوصی عدالت کے معاملات نہیں سن سکتا، جوڈیشل کمپلیکس میں 24 عدالتیں ہیں، سب کے معاملات سن سکتا ہوں تاہم آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت کا معاملہ الگ ہے یا تو آپ رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کریں یا پھر 9 ستمبر تک انتظار کریں۔

پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم ایک بار پھر جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت پہنچی ،عملے سے درخواست کی سائفر کیس کی سماعت جمعرات کو رکھ لیں، عملے نے سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کردی۔