آئی پی پیز معاہدوں کیخلاف عدالت جانے کااعلان، دھرنے دینگے،سراج الحق

لاہور (نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سر اج الحق نے کہاہے آئی پی پیز معاہدوں کیخلاف سپریم کورٹ جائینگے،بجلی بلوں کیخلاف چاروں گورنر ہاوسز کے باہر دھرنے دینگے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق نے کہابلوں کی وجہ سے لوگوں کے رنگ زرد پڑ گئے، ملک میں سانس لینا مشکل ہوگیا، خدشہ ہے سانس لینے پر ٹیکس نہ لگ جائے،بلوں کی عدم ادائیگی پر کسی بھی کمپنی کو لوگوں کے میٹر اتارنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہامیٹر ریڈر کسی بنگلے، جاگیردار یا سرمایہ کار کے دروازے پر دستخط نہیں دے سکتا، سراج الحق نے مزید کہا ظلم و استحصال کےخلاف جدوجہد جاری رہے گی،آئی پی پیز معاہدوں کا 100 فیصد فائدہ کرپٹ اشرافیہ کو ہے، معاہدوں کو مسترد کرتے ہیں، معاہدوں کی تفصیل لیکرسپریم کورٹ جائیں گے، چوری آپ کریں اور بل عوام ادا کریں، نظام نہیں چلے گا۔

سراج الحق نے کہاحکومت کا کنٹرول ختم ،معیشت کے تمام بریک فیل ہوگئے،پاکستان کو مصنوعی معاہدوں کے ذریعے اندھیروں میں دھکیلا گیا، سازش کی گئی پاکستان ترقی نہ کرے،وزیراعظم سے کہوں گا مہنگی بجلی حکومت خریدتی ہے تو حکومتی غلطی ہے بوجھ عوام پہ کیوں ڈالتے ہیں۔