سبسڈی دینے کی گنجائش نہیں،سوچتی ہوں عہدہ کیوں قبول کیا‘ نگراں وزیر خزانہ

اسلام آباد(بیورورپورٹ)سوچتی ہوں عہدہ کیوں قبول کیا،نگراں وزیر خزانہ قائمہ کمیٹی اجلاس میں پھٹ پڑیں۔

سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس ہوا،نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر نے کہا سوچتی ہوں میں نے عہدہ کیوں قبول کیا،ایک ہفتے کے بعد معیشت پر کمیٹی کو بریفنگ دیںگے ہمارے لئے کیا کرنا ممکن ہے اور کیا نہیں۔

شمشاد اختر نے کہاآئی ایم ایف معاہدہ ورثے میں ملا ،دوبارہ بات چیت ممکن نہیں، آئی ایم ایف پروگرام کےساتھ دوسرے دوطرفہ قرضے جڑے ہیں، بدقسمتی سے معیشت کو کمزور کرنے کیلئے تمام کام کئے ،تیل کیلئے دنیا پر انحصار ،بوجھ عوام پر منتقل کرنا پڑتا ہے، مالی گنجائش نہ ہونے پر سبسڈی نہیں دے سکتے،یوٹیلیٹی شعبے میں کچھ چیزوں کا تعین کیا گیا جس سے واپسی ممکن نہیں،کمیٹی نے وزیر خزانہ سے روپے کی قدر اور ملکی معیشت پر بھی بریفنگ طلب کرلی۔

سینیٹرکامل علی آغا نے استفسار کیا بجلی کے زائد بلوں میں عوام کو کس طرح ریلیف دیا جاسکتا ہے؟،سینیٹرمحسن عزیز نے نشاندہی کی انٹر بینک و اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں زیادہ فرق ہے،ایل سیز کا معاملہ بہت گھمبیرہوتا جارہا ہے،صنعت کاروں سمیت گھریلو صارفین بھی احتجاج کررہے ہیں۔

شیری رحمن نے کہاملکی صورتحال سنگین ہوچکی ، عوام بجلی کے بل نہیں دے سکتے، بجلی کے بل پر خطے میں سب سے زیادہ ٹیکس لگے ہیں، غریب اگر بل دینا بند کردیں گے تو ریونیو کہاں سے ملے گا،آئی ایم ایف سے ریلیف پر کوئی بات چیت ممکن ہے؟ 2اور سرچارج لگنے جارہے ہیں ،حالات مزید خراب ہوں گے۔

کمیٹی اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا نگران حکومت کو ملک کے غریب عوام کا بھرپور احساس ہےغریب طبقے کو مزید مشکلات سے دو چار نہیں کر سکتے،آئی ایم ایف سے معاہدے گزشتہ حکومتوں نے کیے، آئی ایم ایف معاہدوں میں سبسڈیز دینا پہلے سے طے شدہ ہے، معاہدوں میں مزید سبسڈیز دینے کی گنجائش نہیں،معیشت کی بہتری کیلئے مربوط حکمت عملی پر کام کر رہے ہیں۔