ایک طرف جھکے ترازو اور انصاف کو مجروح کرتا نظام عدل قبول نہیں ‘ شہباز شریف

لاہور ،اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے،بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وصدر ن لیگ شہبازشریف نے چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں سزا معطلی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے لاڈلے کی سزا معطل ہوئی ختم نہیں ، چیف جسٹس کا ”گڈ ٹو سی یو“اور ”وشنگ یو گڈ لک“کا پیغام اسلاآباد ہائی کورٹ تک پہنچ گیا،فیصلہ آنے سے پہلے ہی سب کو پتہ ہو فیصلہ کیا ہوگا تو نظام عدل کےلئے لمحہ فکریہ ہونا چاہیے ، اعلیٰ عدلیہ سے واضح پیغام مل جائے تو ماتحت عدالت یہ نہ کرے تو اور کیا کرے؟۔

سابق وزیراعظم نے کہانوازشریف کی سزا یقینی بنانے کےلئے مانیٹرنگ جج لگا تھا، لاڈلے کو بچانے کےلئے خود چیف جسٹس مانیٹرنگ جج بن گئے ،نظامِ عدل کا کردار تاریخ کے سیاہ باب میں لکھا جائے گا۔

شہباز شریف نے کہا ایک طرف جھکے ترازو اور انصاف کو مجروح کرتا نظام عدل قبول نہیں،خانہ کعبہ کے عکس والی گھڑی بیچ کھانے والے کے سامنے قانون بے بس ہے ، چور و ریاستی دہشت گرد کی سہولت کاری ہوگی توملک میں عام آدمی کو انصاف کہاں سے ملے گا،9مئی ، جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ ہویا پولیس پر پٹرول بم کی برسات ، سب معاف۔

دریں اثناسابق وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی کو عارضی ریلیف قرار دیتے ہوئے کہامختصر فیصلے پر مٹھائیاں تقسیم نہیں کرنی چاہئیں، چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا ،نا اہلی اپنی جگہ برقرار ہے۔

لیگی رہنما عطا تارڑ نے پی ٹی آئی کارکنوں کو مشورہ دیا مٹھائی کھانے میں جلدبازی نہ کریں، ا بھی سزا معطل ہوئی ختم نہیں ،سائفر کیس میں گرفتاری کی وجہ سے چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی کا کوئی امکان نہیں ،سپریم کورٹ کے بنچ نے ماتحت عدالتوں کو لاڈلے کو رہا کرنے کا ذہن دیا،لاڈلے کو ریلیف دینا مقصود تھا،گڈ ٹو سی یو والے صاحب نے ریلیف دینے کیلئے ایک کھیل کھیلا۔

عطا تارڑ نے مزید کہااعظم خان کا بیان آچکا آپ نے دشمن ممالک کو فائدہ پہنچایا، سائفر غیرقانونی طور پر لہرانے کا جواب بھی دینا ہوگا،چیئرمین پی ٹی آئی سرٹیفائیڈ چور ثابت ہوچکا، گڈ ٹو سی یو نے آپ کیلئے معاملات گڈ کر دیئے، سلام پیش کریں، بتائیں گھڑیاں کیوں بیچیں، ڈکلیئر کیوں نہیں کیں، پیسے کہاں گئے؟، کچھ ”عمران دار“ ججوں کا سہارا لےکر سزا معطل کرالی گئی، صدر مملکت نے بھی چیئرمین پی ٹی آئی کو 6 ماہ کا ریلیف دیا،اسلام آباد ہائیکورٹ کو دباو¿ میں لانے کی کوشش کی گئی،پی ٹی آئی کارکنوں مٹھائی ابھی مت کھائیے گا۔