ضابطہ اخلاق پر تمام جماعتوں سے دوبا ہ مشاورت ہوگی،الیکشن کمیشن

اسلام آباد(بیورورپورٹ)عام انتخابات کی نگرانی کیلئے جدید ترین مانیٹرنگ سسٹم قائم ،الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق پر تمام سیاسی جماعتوں کےساتھ دوبارہ مشاورت کااعلان کردیا۔

جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم پاکستان کے وفود نے الیکشن کمیشن حکام سے ملاقات کرکے اپنی تجاویز پیش کیں،چیف الیکشن کمشنر نے کہا الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں کی تجاویز پارلیمنٹ کو بھی بھجوائے گا، ضابطہ اخلاق پر تمام سیاسی جماعتوں کےساتھ دوبارہ مشاورت ہوگی،الیکشن کمیشن نے انتخابات کی مانیٹرنگ کےلئے جدید ترین مانیٹرنگ سینٹر بھی قائم کردیا۔

اعلامیے کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے ملک بھر میں دوبارہ حلقہ بندیاں کرانے کے فیصلے کی حمایت کی اور حکام کو بتایا کراچی کی آبادی میں بڑا اضافہ ہوا، ایم کیو ایم نے حلقہ بندیوں کے بعد ووٹر لسٹوں کو اپ گریڈ،انتخابات کے دوران بے ضابطگیوں پر الیکشن کمیشن سے سخت کاروائی کرنے اور سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم کے اخراجات کی حد مقرر کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

جماعت اسلامی کے وفد نے موقف اختیار کیا الیکشن کمیشن کو عام انتخابات کی تیاریوں کیلئے سیاسی جماعتوں کےساتھ مشاورت پہلے شروع کردینی چاہیے تھی،جماعت اسلامی نے 90 روز میں انتخابات یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق جماعت اسلامی کی جانب سے کہا گیا پنجاب ،خیبر پختونخوا اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد انتخابات بروقت نہیں کرائے جا سکے، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن سخت کارروائیاں کرے۔

اعلامیے میں بتایا گیا چیف الیکشن کمشنر نے وفود کو یقین دہانی کرائی ہر صورت بروقت انتخابات یقینی بنائیں گے۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی کا وفد منگل کوالیکشن کمیشن سے ملاقات کرے گا، بلاول بھٹو نے وفد تشکیل دےدیا،نیئربخاری، نوید قمر، مراد علی شاہ، شیری رحمن اور فرحت اللہ بابر شامل ہے۔