اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ (بیورو رپورٹ+ خبرنگار) ہائے بل! کراچی سے خیبر تک دہائی، بل نہ بھرو تحریک تیز، مظاہروں نے زور پکڑ لیا، بل نذرآتش، حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی، تاجروں کا 29اگست ملک گیر احتجاج، 31 اگست کو شٹر ڈاﺅن، پہیہ جام کا اعلان، جماعت اسلامی 2 ستمبر کو شہر شہر، قریہ قریہ احتجاج کرےگی۔ نگران وزیراعظم نے عوام کو ریلیف دینے کی ہدایت کرتے ہوئے بلوں میں کمی کیلئے پلان طلب کرلیا۔
بجلی بلوں میں ہوشربا اضافے و بھاری ٹیکسوں کےخلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہروں نے زور پکڑ لیا، بل نہ بھرو تحریک میں بھی تیزی آگئی، ملک بھر میں ہونیوالے مظاہروں، ریلیوں میں خواتین، بچوں، بزرگوں سمیت عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تاجروں نے بھی میدان سجائے رکھا۔
احتجاج کے دوران سڑکیں بلاک کرکے بجلی کے بل اور ٹائر نذر آتش کئے گئے، مظاہرین حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے، گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی رہیں، مظاہرین نے کبھی پٹرول مہنگا تو کبھی بجلی، بچوں کو روٹی کھلانا مشکل ہوگیا، قیامت خیز مہنگائی نے زندگی عذاب کردی، حکومت فوری ریلیف دے ورنہ احتجاج کا دائرہ وسیع کردیں گے۔
دریں اثنا اسلام آباد میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج پر جماعت اسلامی کی قیادت سمیت 12 افراد پر تھانہ بہارہ کہو میںمقدمہ درج کرلیا گیا۔ ادھر آل پاکستان انجمن تاجران نے 29اگست کوملک گیر اور 31 اگست کو شٹر ڈاﺅن، پہیہ جام کا اعلان کردیا۔
صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ و دیگر عہدیداروں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا حالات مہنگائی سے آگے نکل کر تباہی کے قریب پہنچ گئے، 16 ماہ کی حکومت نے تباہی مچائی، 5 لاکھ کا سوٹ اور 10 کروڑ کی گاڑی حکمران استعمال کریں لیکن ٹیکس چوری کا الزام تاجروں پر آتا ہے، انہوں نے سوال اٹھایا بڑے واپڈا افسروں کی مفت بجلی ختم کرنا مذاق ہے، باقی ملازمین کیلئے بجلی مفت کیوں؟ اجمل بلوچ نے کہا لوگوں کو ملک چھوڑنے کی راہ دکھانے والے نگران وزیراعظم معافی مانگیں۔
مرکزی تنظیم تاجران پاکستان نے بھی بجلی بلوں میں اضافے کو ظالمانہ قرار دیتے ہوئے 29اگست کو ملک گیر یوم احتجاج کا اعلان کردیا۔ تنظیم کے صدر کاشف چودھری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تاجروں کیلئے کاروبار جاری رکھنا ممکن نہیں رہا، ملک کا ہر شہری ڈیفالٹ کرچکا، حالات سول نافرمانی کا اشارہ دے رہے ہیں، ڈیڑھ کروڑ چھوٹے تاجر بجلی کے بلز نہیں دے پا رہے، نگران حکومت بجلی و پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے۔
ادھر امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بجلی بلوں میں ظالمانہ اضافہ کےخلاف 2 ستمبر کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا شہر شہر، قریہ قریہ واپڈا دفاتر کے باہر پرامن احتجاج ہوگا، مزید ظلم و ناانصافی قبول نہیں، بہت برداشت کرلیا، قوم اپنے حق کےلئے اٹھ کھڑی ہو۔
دوسری جانب نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے اقدامات کی ہدایت کردی تاہم بجلی بل کے ستائے عوام کو فوری ریلیف دینے کا فیصلہ نہ ہوسکا۔ انوار الحق کاکڑ نے 48 گھنٹے میں بلوں میں کمی کا پلان مانگ لیا، نگران وزیراعظم انوار الحق کی زیرصدارت اجلاس 2 گھنٹے سے زائد جاری رہا، وزیر توانائی و بجلی سمیت متعلقہ وزارتوں کے حکام شریک ہوئے، بجلی کی ترسیل و نرخوں کے معاملے پر وزیراعظم کو جولائی کے بجلی بلوں میں اضافے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس کو بجلی شعبے کے مسائل، زائد بلوں کی تفصیلات، بجلی چوری و روک تھام کیلئے اٹھائے جانےوالے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے اجلاس پیر تک ملتوی کرتے ہوئے ٹھوس اقدامات اور پلان تیار کرکے پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
پاور ڈویژن حکام نے کہا ڈسکوز کے افسروں کو فراہم کئے جانےوالے بجلی کے مفت یونٹس ختم کررہے ہیں، واپڈا کے پرانے ملازمین کے علاوہ کسی محکمے میں بجلی بلوں میں رعایت نہیں دی جا رہی، رعایت ڈسکوز ملازمین کو مل رہی ہے، ایسا نہیں تمام بوجھ بجلی کا بل ادا کرنے والوں پر ڈالا جا رہا ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزارت پانی و بجلی کے حکام نے بتایا بجلی ٹیرف کا تعین نیپرا کرتا ہے، کنزیومر پرائس انڈیکس کے تحت بجلی کی قیمتوں میں ردوبدل ہوتا ہے، فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ سے بھی بجلی کی قیمتوں میں فرق پڑتا ہے۔
پاور ڈویژن حکام نے کہا درآمدی کوئلے کی قیمت 51 ہزار سے 61 ہزار روپے فی میٹرک رہی، آئندہ سال 2 کھرب صرف کپیسٹی پیمنٹس کی مد میں ادائیگیاں کرنی ہیں، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا فرق 400 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والوں پر لاگو ہوا، 63.5 فیصد ڈومیسٹک صارفین کیلئے ٹیرف میں اضافہ نہیں کیا گیا، 31.6 فیصد ڈومیسٹک صارفین کیلئے قیمتوں میں 3 سے 6.5 روپے یونٹ اضافہ ہوا جبکہ صرف 4.9 فیصد ڈومیسٹک صارفین کیلئے 7.5 روپے یونٹ اضافہ ہوا۔
حکام نے کہا ڈومیسٹک صارفین کیلئے اوسطاً ٹیرف میں 3.82 روپے کا اضافہ ہوا، دیگر کیٹیگریز میں آنے والے صارفین کیلئے 7.5 روپے یونٹ بڑھا، جولائی 2022 میں زیادہ سے زیادہ بجلی ٹیرف 31.2 روپے یونٹ تھا جبکہ اگست2023 میں 33.89 روپے یونٹ بجلی کی قیمت ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے عوام مشکل صورتحال سے دوچار ہیں، عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے اقدامات کئے جائیں، ایسا ممکن نہیں عام آدمی مشکل میں ہو اور افسر شاہی، وزیراعظم عوام کے ٹیکس پر مفت بجلی استعمال کریں، متعلقہ وزارتیں و متعلقہ ادارے مفت بجلی حاصل کرنیوالے افسروں، اداروں کی مکمل تفصیل فراہم کریں، میں عام آدمی کی نمائندگی کرتا ہوں، وزیراعظم ہاوس، پاک سیکرٹریٹ میں بجلی کا خرچہ کم سے کم کیا جائے، اگر میرے کمرے کا اے سی بند کرنا پڑا تو بے شک کردیں۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا بجلی بچت اقدامات کے نفاذ اور جولائی کے زائد بلوں کے مسئلے پر صوبائی وزرائے اعلیٰ کےساتھ تفصیلی مشاورت پیر کو جائیگی، تقسیم کار کمپنیاں بجلی چوری کی روک تھام کا روڈ میپ پیش کریں، بجلی شعبے کی اصلاحات ،قلیل، وسط و طویل مدتی پلان جلد از جلد پیش کیا جائے۔
نگران وزیراعظم نے کہا آئندہ 48 گھنٹوں میں بجلی کے زائد بلز میں کمی کیلئے ٹھوس اقدامات مرتب کر کے رپورٹ پیش کی جائے، جلدبازی میں کوئی ایسا اقدام نہیں اٹھائیں گے جس سے ملک کو نقصان پہنچے، ایسے اقدامات اٹھائیں گے جس سے خزانے پر اضافی بوجھ نہ ہو اور صارفین کو سہولت ملے۔
سمندر میں تیل و گیس کی تلاش معاشی ترقی کےلئے اہم پیشرفت ہے،وزیراعظم
پاک بھارت تعلقات میں اہم پیشرفت، مصدق ملک کی دہلی پرواز
سربراہی ملاقات یادگار سنگ میل ،امن کا پیغام،،مثبت نتائج نکلیں گے،چینی وزیر خارجہ
بلاول بھٹو نے ن لیگ کےساتھ ملکر پی ٹی آئی حکومت گرائی،نعیم الر حمن
چھوٹے صوبے یا بادشاہتیں اور شہنشاہ ایسے ملک نہیں چلے گا،سعد رفیق
دہشتگردی کی لعنت کو فیصلہ کن طور پر ختم کرینگے،فیلڈ مارشل
10اداروں میں کرپشن کا امکان زیادہ، اصلاح کیلئے رپورٹ تیار کرلی،وزیر قانون
شہباز کو 2مرتبہ وزیراعظم بنوایا،چاہتاہوں مدت پوری کرنےوالے پہلے وزیراعظم بنیں،بلاول بھٹو
روس نے پاک افغان مذاکرات کی بحالی کیلئے ثالثی کی پیشکش کردی
ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی اعجاز الحق نے استعفیٰ دےدیا
















