اٹلی کے شہر میلان میں 260سال بعد گرم ترین دن
میلان (مشرق نیوز) اٹلی کے شمالی شہر میلان میں 1763 کے بعد گزشتہ روز گرم ترین دن تھا، اوسط درجہ حرارت 33 ڈگری سینی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق علاقائی ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (اے آر پی اے)نے بتایاکہ میلان میں گرمی کی لہر جاری ہے جو اگست کے وسط میں شروع ہوئی تھی۔1763میں میلانو بریرا موسمیاتی مرکز نے درجہ حرارت ریکارڈ کرنا شروع کیا تھا۔اے آر پی اے کا کہنا تھا کہ 23 اور 24 اگست میلان اور قرب و جوار کے علاقوں میں گرم ترین دن تھے، جہاں کئی قصبوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری تک گیا۔موسمیاتی ایجنسی نے کہا کہ اب گرمی کی لہر ختم ہونے والی ہے اور اس کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی، درجہ حرارت 10 سے 15 ڈگری تک گر جائے گا۔میلان میں قبل ازیں 11 اگست 2003 کو درجہ حرارت 32.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا جو اب تک کا سب سے زیادہ تھا۔


















