چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے ساتھ ملکر بچوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے:آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو سارہ احمد نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی، دوران ملاقات سٹریٹ چلڈرن، گداگری میں ملوث اور گھروں میں کام کرنے والے بچوں کے تحفظ کیلئے باہمی اقدامات پر اظہار خیال کیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے بچوں کے تحفظ کیلئے بہترین کام پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی کارکردگی کو سراہا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ لاہور سمیت تمام اضلاع میں تحفظ مراکز اور چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے دفاتر کو آپس میں انٹرلنک کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو مدد و تحفظ فراہم کیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے درمیان باہمی رابطے اور کوآرڈینیشن کو مزید بہتر بنایا جائے،چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے ساتھ مل کر بچوں کے تحفظ کیلئے مشترکہ اقدامات میں تیزی لائی جائے۔ دریں اثناءانسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے پنجاب پولیس کے بہادر سپوت انسپکٹر عمران بروہی شہید کی بیٹی اشبہ خان نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ طالبہ اشبہ خان کے والد انسپکٹر عمران بروہی نے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں جام شہادت نوش کیا تھا۔ اشبہ خان نے اپنے تعلیمی کیرئیر بارے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو آگاہ کیااور اشبہ خان نے آئی جی پنجاب سے گفتگو میں تعلیم اور زندگی میں آگے بڑھنے کا مثبت پیغام دیا۔ علاوہ ازیں انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے بہترین کارکردگی کے حامل لاہور پولیس کے افسران واہلکاروں کے اعزاز میں تقریب سجائی گئی جس میں آئی جی پنجاب نے بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کو کیش انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا۔انعامات حاصل کرنے والوں میں آپریشن،انویسٹی گیشن ٹریفک اور ڈولفن سمیت دیگر شعبوں میں تعینات کانسٹیبل سے انسپکٹر رینک کے 50 افسران و اہلکاربشمول انسپکٹرز قمر ساجد، عمران خان، مسعود الرحمان، محمد جاوید، قمر عباس اور ناصر حمید سمیت دیگر شامل تھے۔ انعامات حاصل کرنے والے افسران و اہلکاروں نے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور انسداد جرائم میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ آئی جی پنجاب نے انعامات حاصل کرنے والے ایس ایچ اوز کو پہلے سے زیادہ محنت و فرض شناسی سے فرائض کی ادائیگی کے احکامات جاری کیے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ تھانہ ورکنگ میں ایس ایچ او کا کردار مرکزی ہے،لاہور پولیس کے افسران جرائم کی مختلف صورتحال سے نبرد آزما ہونے کیلئے خود کو ملٹی ٹاسکنگ بنائیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ سپروائزری افسران بشمول ماتحت سٹاف کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں، انکے دکھ درد بانٹیں اور ماتحت اہلکاروں کی استعداد کار میں اضافے، ہیلتھ ویلفیئر اور دیگر پیشہ ورانہ امور بارے ہر ممکن راہنمائی فراہم کی جائے۔ تقریب میں ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، اے آئی جی ڈسپلن احسن سیف اللہ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔