جج، صحافی اور ہر انسان کو ہی سچ بولنا چاہیے: جسٹس قاضی فائز عیسیٰ

اسلام آباد (مشرق نیوز) سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ جج، صحافی اور ہر انسان کو ہی سچ بولنا چاہیے۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے تقریبِ حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام قوانین کا مقصد سچ سامنے لانا ہی ہے اور انصاف سچ کی بنیاد پر ہی ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیصلہ آنے پر کوئی بھی فریق کہہ سکتا ہے کہ فیصلہ ٹھیک نہیں ہوا۔ جھوٹ، سچائی اور رائے میں فرق ہے۔ میں آپ کے سچ سے انکار نہیں کرسکتا، خبر اور رائے میں فرق آپ لوگ بھول جاتے ہیں۔ ایک سچائی ہوتی ہے اور ایک رائے ہوتی ہے۔ رائے سے اختلاف کیا جاسکتا ہے، سچ سے کوئی اختلاف نہیں کرسکتا۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ صحافت میں واقعہ تو کوئی بھی بتا دے گا، ایک ہوتی ہے تحقیق، صحافی رائے کم دے اور تحقیق کرلے اور اگر رائے دے تو بتائے یہ رائے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا میڈیا اب بہتر ہو رہا ہے، دنیا میں اپنی رائے پر مبنی آرٹیکل لکھنے والے صحافی نہیں ہوتے، کیمرہ اٹھانا یا فون اٹھانا یا کسی بھی میڈیا ہاو¿س سے منسلک ہو جانا کسی کوصحافی نہیں بنا سکتا، کسی کو بھی رپورٹنگ کیلئے بھیج دیں تو وہ آکر بتا دے گا کہ آج کیا ہوا۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا تھا کہ صحافی کی تعریف میں تھوڑا فرق ہوتا ہے، جب رائے دینا ہو تو اس میں آئین و قانون کو دیکھنا ہوتا ہے، خود دیکھ کر رپورٹ کرنا الگ اور سنی سنائی بات آگے پہنچانا الگ بات ہے۔