لاہور (مشرق نیوز)آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ جڑانوالہ میں جلاﺅگھیراﺅ کےواقعات میں ملوث 170 ملزمان کی فہرست تیار کی ہے جس میں سے 160 گرفتار کرلئے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب کے مطابق جب تک تمام ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جاتا ، چھاپوں کا سلسلہ جاری رہےگا ، واقعہ میں ملوث کسی ملزم کو معاف نہیں کیا جائےگا۔
انہوں نے کہا کہ ویڈیوز، جیو فینسنگ، ایجنسیوں کی رپورٹ اور نادرا ریکارڈ کی مدد سے ملزمان کی شناخت کررہے ہیں۔ عثمان انور کا کہنا تھا کہ جڑانوالہ میں اس وقت 6500 سے زائد اہلکار تعینات ہیں جبکہ متاثرہ گھروں کی بحالی تک خواتین اے ایس پیز جڑانوالہ میں ڈیوٹی دیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواتین پولیس افسران مسیحی خواتین اور بچیوں کی سکیورٹی اور احساس تحفظ کو یقینی بنائیں گی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس افسران خود اس کو مانیٹر کر رہے ہیں ، میں خود بھی دورے کر رہا ہوں، جلد گرجا گھروں کی بحالی کا سلسلہ شروع کردیا جائےگا۔
واضح رہے کہ جڑانوالہ میں توہینِ مذہب کے مبینہ واقعہ کیخلاف احتجاج کرنے والے مشتعل افراد نے کرسچین کالونی اور عیسیٰ نگری میں 4 گرجا گھروں، مسیحی برادری کے درجنوں مکان، گاڑیاں اور مال و اسباب جلا دئیے تھے۔
سانحہ جڑانوالہ میں ملوث 160 ملزمان گرفتار کرلئے : آئی جی پنجاب
















