انتخابات بروقت کرائے جائیں،پیپلز پارٹی،پرانی حلقہ بندیوں پر الیکشن غیر آئینی ہوگا،ن لیگ


اسلام آباد(بیورورپورٹ) پیپلز پارٹی نے عام انتخابات بروقت کرانے کامطالبہ کردیا۔

پی پی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمن نے کہاالیکشن میں تاخیر کا اعلان تشویش اور مایوسی کا باعث ہے،الیکشن کمیشن کے حالیہ اعلان سے ظاہر ہوتا ہے نئی مردم شماری کے مطابق حلقہ بندیوں میں 4 ماہ لگیں گے، پیپلز پارٹی مطالبہ کرتی ہے الیکشن کمیشن اپنے فیصلے اور جاری کردہ شیڈول پر سنجیدگی سے نظر ثانی کرے، اسمبلیوں کی جلد تحلیل کرنے کا مقصد الیکشن کمیشن کو تیاریوں کےلئے زیادہ سے زیادہ وقت فراہم کرنا تھا۔

شیری رحمن نے کہاپیپلز پارٹی ،ووٹرز عام انتخابات کی تاریخ کے منتظر تھے، حلقہ بندیوں کے شیڈول کے نہیں، انتخابات میں کسی قسم کی تاخیر ملک میں سیاسی غیر یقینی و عدم استحکام کا باعث بنے گی، آئین الیکشن کمیشن کو پابند کرتا ہے اسمبلی تحلیل ہونے کے 90 دنوں کے اندر عام انتخابات کرائے۔

دوسری جانب سابق وزیر داخلہ وصدر ن لیگ پنجاب رانا ثنا نے کہا ہے الیکشن فروری میں ہوں گے اگر پرانی حلقہ بندیوں پر انتخابات کرائے گئے تو غیر آئینی ہوں گے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہارانا ثنا نے کہاپیپلز پارٹی کا اعتراض سر آنکھوں پر ہے تاہم مردم شماری جب نوٹیفائی ہوجائے تو حلقہ بندیاں اسی حساب سے ہوتی ہیں، آئینی تقاضہ ہے 2018 کے بعد الیکشن نئی مردم شماری کے تحت ہوگا، حلقہ بندیاں آئینی تقاضہ ہے، پورا کیے بغیر الیکشن نہیں ہوسکتا۔

سابق وزیر داخلہ نے مزید کہا پیپلز پارٹی کو بات اچھی طرح معلوم ہونی چاہیے تھی،مردم شماری کو اتفاق رائے سے نوٹیفائی کیا گیا، 6 سال سے مردم شماری کا معاملہ چل رہا تھا، سی سی آئی میں پیپلز پارٹی موجود تھی۔