لاہور (سٹاف رپورٹر) مصباح خالد کا تیسرا شعری مجموعہ ”صنف گرفتہ“ معاشرتی رنج و الم ، دکھ درد، جرا ت اور حوصلہ مندی کی ایک جیتی جاگتی تصویر ہے جسے نہایت شائستہ اور آسان الفاظ میں خوبصورت شاعری میں بیان کیا گیا ہے۔ مصباح خالد ایک ایسی جرا ت مند خاتون ہیں جو تن تنہا زندگی کی مشکلات کا سامنا کرتی ہیں اور ہر کٹھن لمحے سے زندگی میں خوش رہنے کی کوئی نہ کوئی راہ نکال لیتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر شفیق جالندھری نے مصنفہ و شاعرہ مصباح خالد کے تیسرے شعری مجموعے ”صنف گرفتہ“ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی عرفان اطہر قاضی نے مصباح خالد کی شخصیت اور ان کی شاعری میں حقیقت پسندی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ میں اس بات کا گواہ ہوں کہ ان کی تازہ تصنیف میں جن جذبات کا اظہار کیا گیا ہے اس کا ایک ایک لفظ سچ اور حقیقت پر مبنی ہے۔ یہ شاعری کے انداز میں ایک بہادر خاتون کی آپ بیتی ہے جسے آپ جس رخ بھی پڑھتے جائیں گے یہ احساس گہرا ہوتا جائے گا کہ زندگی کے مراحل میں خوشی، غم میں انسان کی کیا کیفیت ہوتی ہے اور یہی کیفیات آج آپ ”صنف گرفتہ“ کی صورت تحریری شکل میں دیکھ رہے ہیں۔ یہ مجموعہ کلام نوجوان نسل کو ایک راہ بھی دکھاتا ہے کہ مایوسی گناہ ہے، اللہ اور اس کے رسول سے سچی محبت آپ کو کسی بھی مرحلے میں کمزور نہیں پڑنے دیتی۔ یہی ” صنف گرفتہ“ کی خاص خوبی ہے۔ جناب ناصر محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”صنف گرفتہ“ کو چھ موضوعات میں تقسیم کیا جاسکتا ہے۔ جس میںدکھ، درد، طنزومزاح، حمدونعت، حب الوطنی، جرات اور حوصلہ مندی ، رشتوں سے گہری محبت کے احساسات نفیس اور سلجھے الفاظ میں پ±رو دیئے گئے ہیں۔ ڈاکٹر یاسمین رحمن نے مصنفہ کے ساتھ ذاتی تعلق، اعلیٰ کردار اور مجموعہ کلام میں ان کی شخصیت کی جھلک پر روشنی ڈالتے ہوئے مبارک باد پیش کی اور آئندہ زندگی کے لئے نیک تمنا?ں کا اظہار کیا۔ طالبہ رمشا عظیم نے کہا کہ مصباح خالد میری رہبر و رہنما ہیں۔ میں ان کی شخصیت اور شاعری سے بہت زیادہ متاثر ہوں۔ کوئی شخص بھی مصباح خالد کی شخصیت سے متاثر ہوئے بغیر رہ نہیں سکتا۔ زینب تنویر نے کہا کہ مصباح خالد ہمیشہ جذبہ خدمت ِ انسانیت سے سرشار رہتی ہیں۔ ان کی شاعری اِردگرد کے ماحول اور تعلق داروں سے جڑے جذبات کا اظہار ہے۔ سہیل احمد پرنسپل بحالی معذوراںسکول نے کہا کہ مصباح خالد ایک عرصے سے ہمارے ادارے میں موجود معذور بچے بچیوں سے محبت کا اظہار کرتی آرہی ہیں اورہر سال تمام بچوں کے لئے اپنی لکھی ریاضی کی کتابیں بطور تحفہ پیش کرتی ہیں۔ جس کے لئے میں ان کا انتہائی ممنون و مشکور ہوں۔ عاصم فیاض نے کہا کہ سادگی ، خلوص، احترام اور ہمدردی کے جذبات مصباح خالد کی شخصیت اور ان کی شاعری کا بہت نمایاں پہلو ہیں۔ مصنفہ کی شاعری ٹوٹے دلوں کو جوڑتی ہے اور اپنے رب سے حوصلہ و ہمت مانگتی نظر آتی ہیں۔ یہ جذبات کے اظہار کا ایک خوبصورت ترین انداز ہے جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ مصنفہ مصباح خالد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”صنف گرفتہ“ اردو لغت میں نیا مرکب ہے اور اس کے معانی بہت وسیع ہیں۔ یہ عنوان صرف ایک صنف عورت تک محدود نہیں ہے آج کے دور میں ہر شخص معاشی الجھنوں ، مسائل اور مشکلات کا شکار ہے جو کیفیت مجھ پر گزرتی ہے وہ مرد اور عورت دونوں پر بھی گزرتی نظر آتی ہے۔ میری شاعری کا موضوع صرف عورت کی مظلومیت نہیں بلکہ بچوں، بزرگوں، ماں باپ، بہن بھائیوں، دوستوں،رشتے داروں اور ایسے اجنبیوں جو زندگی کی راہ گزر میں آپ کے ساتھ کچھ لمحے چلتے ہیں اور آگے نکل جاتے ہیں یا بہت پیچھے ساتھ چھوڑ جاتے ہیں۔ ان کے ساتھ گزرے لمحات اور روّیوں پر مبنی ایک داستان ہے۔ میں اپنے رب کا لاکھ شکر ادا کرتی ہوں کہ تمام تر مشکلات کے باوجود تن تنہاآج ”صنف گرفتہ“ کی صورت میں یہ شعری مجموعہ پیش کرنے میں کامیاب ہوئی ہوں۔ مصنفہ مصباح خالد نے کہا کہ آج کے تیز رفتار دور میں کتب بینی کا شوق ختم ہو چکا ہے۔ لوگ کتابوں کی اشاعت کو بے کار سرمایہ کاری سمجھتے ہیں۔ دراصل یہ کاروبار نہیں بلکہ آئندہ نسلوں کی یاددہانی کے لئے ایک ادنیٰ سی کوشش ہے کہ صرف درسی کتب سے امتحان پاس کرنے سے آپ کی شخصیت میں نکھار نہیں آتا بلکہ کتاب پڑھنے اور وسیع تر مطالعے سے شخصیت زیادہ نکھرتی ہے۔ یہ المیہ ہے کہ والدین اپنے بچوں کو درسی کتب کے علاوہ کتابیں پڑھنے کا شوق پیدا نہیں کرتے اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی اولادیں صرف پیسے کمانے کی مشینیں نہ بنیں بلکہ اچھا انسان بھی بنیں تو پھر یہ کتاب پڑھے بغیر ممکن نہیں۔ مصنفہ نے شرکا محفل کا تقریب میں شرکت پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔
صنف گرفتہ“ معاشرتی رنج و الم ، جرات و حوصلہ مندی کی جیتی جاگتی تصویر ہے ، شفیق جالندھری



















