پارلیمان کے اختیارات میں مداخلت اچھی روایت نہیں : اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد (مشرق نیوز) مسلم لیگ (ن) رہنما اور سابق وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پارلیمان کے اختیارات میں بار بار مداخلت اچھی روایت نہیں، یہ اداروں کو مضبوط نہیں کمزور کرتی ہے۔ انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئین نے نظام کو چلانے کیلئے ایک طریقہ وضع کیا ہے، عدالت کا کام کیسوں کا فیصلہ کرنا ہے، لوگوں کو انصاف فراہم کرنا ہے، آئین کہتا ہے کہ آپ اپنی مرضی کا وکیل رکھ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کل پارلیمان تحلیل ہوا اور اسکے بعدیہ فیصلہ جاری کیا گیا، اس فیصلے پر ریویو کی آپشن بالکل ہے، 30دن کے اندر اندر ریویو فائل کرسکتے ہیں۔ اعظم نذیر تارڑ کاکہنا تھا کہ دوسری آپشن یہ ہے کہ آنیوالی اسمبلی اس پر دوبارہ قانون سازی کا سوچے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے کیسوں کا معاملہ اس سے بالکل الگ ہے، سیاست میں حصہ لینا بنیادی حق ہے، الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے بعد نااہلی کی سزا پانچ سال سے زیادہ نہیں ہو سکتی۔

رہنما مسلم لیگ (ن) مزید کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 62 کے تحت سزا پر نااہلی کی زیادہ سے زیادہ مدت 5 سال ہوگی، نوازشریف اور دیگر لوگ جن کو 3/184 کے کیسوں میں تاحیات نااہل کیا گیا تھا وہ الیکشن ایکٹ 232 کے تحت 5 سال بعد اہل ہوچکے ہیں۔