اسلام آباد (مشرق نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم پر کوئی بھی کیس نگراں حکومت ہی کرسکتی ہے۔ رہنما پیپلز پارٹی نے گفتگو میں کہا کہ سائفر پر رانا ثنا اللہ سیاسی بیان دے رہے ہیں، وہ اب وزیر نہیں رہے، سائفر سے متعلق پیپلزپارٹی کا وہی موقف ہے جو بلاول بھٹو نے پریس کانفرنس میں بتایا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ہمیں جلد از جلد الیکشن میں جانا چاہیے، سیاسی جماعتوں کو الیکشن سے نہیں بھاگنا چاہیے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیرِ اعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان ناموں پر مشاورت سے نگراں وزیرِ اعظم کا فیصلہ ہو گا، ہو سکتا ہے کہ سائرہ بانو نے اپوزیشن کی طرف سے نگراں وزیراعظم کیلئے نام دیا ہو۔
انہوں نے کہا کہ 2013 میں پیپلز پارٹی نے جلیل عباسی جیلانی کا نام دیا تھا شاید اسلئے یہ نام زیادہ گردش کر رہا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ تگڑا وزیراعظم ہو جو شفاف اور آزاد انتخابات کرا سکیں۔ فیصل کنڈی کا کہنا ہے کہ میں کمیٹی کا ممبر نہیں مجھے نہیں علم کہ نگراں وزیراعظم کیلئے پیپلز پارٹی نے کیا نام دیے، نگراں وزیراعظم سیاستدان ہو اس کو علم ہوتا ہے کہ کیسے الیکشن کرانا ہے، کیا سسٹم ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ چاہتے ہیں ایسا نگراں وزیر اعظم آئے کہ الیکشن کے بعد یہ نہ کہے کہ میرے پاس اختیار نہیں تھا، المیہ یہ ہے کہ افسر ریٹائرڈ ہونے اور سیاستدان اپوزیشن میں جانے کے بعد سچ بولنا شروع کرتا ہے۔
سابق وزیراعظم پر کوئی بھی کیس نگراں حکومت ہی کرسکتی ہے: فیصل کریم کنڈی
















