آج شام یا کل تک نگران وزیراعظم کا فیصلہ ہوجائیگا: رانا ثنا اللہ

لاہور (مشرق نیوز) وفاقی وزیر داخلہ و رہنما مسلم لیگ (ن) رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم کے حوالے سے ابھی مشاورت جاری ہے، امید ہے آج شام یا کل تک نگران وزیراعظم کا نام فائنل ہو جائے گا۔

انکا کہنا تھا کہ نگران سیٹ اپ آئینی تقاضے کو پورا کرتے ہوئے حلقہ بندیاں کروائے گا، حلقہ بندی میں تقریباً 120 دن لگتے ہیں، اس میں کوئی کئی ماہ والی بات نہیں، جیسے ہی حلقہ بندی کا آئینی تقاضا مکمل ہوگا تو الیکشن ہوں گے، جہاں تک حفیظ شیخ یا دوسرے ناموں والا معاملہ ہے اس پر بات چیت ہو رہی ہے، ابھی تک کوئی نام فائنل نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں سے مذاکرات نہ کرنے کی پالیسی ا?ج کی نہیں پہلے کی ہے، پچھلے سال جو دہشت گردوں سے مذاکرات کی بات ہوئی اس کے کوئی حوصلہ افزا نتائج نہیں نکلے، امن و امان کی صورتحال ایک صوبے میں ایسی ہے کہ توجہ دینے کی ضرورت ہے، الیکشن کے دوران کسی حادثے کی توقع ہو سکتی ہے، آج سے کچھ دن قبل سیاسی جلسے میں ایک بہت بڑا حادثہ ہوچکا ہے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ الیکشن اس وجہ سے آگے نہیں جائیں گے یا ملتوی نہیں ہوں گے، نگران حکومت اور سکیورٹی ادارے اس کو مینج کریں گے کہ الیکشن بروقت ہوں، باقی معاملات بھی آئین و قانون کے مطابق آگے بڑھیں۔