کسی گروہ سے بات نہیں ہوگی،احسان کابدلہ احسان اور کچھ نہیں ہوسکتا،آرمی چیف کا افغان حکومت کو واضح پیغام

پشاور (بیورو رپورٹ) سربراہ پاک فوج جنرل سید عاصم منیر نے افغان حکومت کو واضح پیغام دیا ہے کہ احسان کا بدلہ احسان کے علاوہ کچھ اور نہیں ہوسکتا، کسی دہشت گرد گروہ یا جتھے سے بات نہیں ہوگی، دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کا کچھ نہیں کرسکتی، مذاکرات ہوئے تو صرف پاکستان، عبوری افغان حکومت کے مابین ہوں گے، اسلام امن و سلامتی کا دین ہے، دین کو دہشت گردی کی بھینٹ چڑھانے والوں کو جواب دینا پڑیگا، افغان مہاجرین کو پاکستان میں ملکی قوانین کے مطابق رہنا ہوگا، دہشت گردی میں اضافہ دہشت گردوں کی مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی بے سودکوشش ہے، دہشت گردوں کے پاس ریاستی رٹ کے سامنے سر تسلیم خم کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے خیبرپختونخوا کے نئے ضم شدہ اضلاع کے قبائلی عمائدین و دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے معززین سے ملاقات کی اور تاریخی گرینڈ جرگے میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ قلعہ بالاحصار میں یاد گار شہدا پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی۔

سربراہ پاک فوج نے گرینڈ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا فوج، تمام سکیورٹی ادارے اور عوام ایک ہیں، امن برباد کرنے والے ہم میں سے نہیں، پاک آرمی شہدا کی فوج جس کا نعرہ ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ ہے، پاکستان ریاست مدینہ کے بعد کلمے پر بننے والی دوسری ریاست ہے۔

آرمی چیف نے کہا دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کا کچھ نہیں کرسکتی، مذاکرات ہوئے تو صرف پاکستان اور عبوری حکومت کے مابین ہوں گے، کسی بھی گروہ یا جتھے سے بات نہیں کی جائےگی، دین کو دہشت گردی کی بھینٹ چڑھانے والوںکو جواب دینا پڑےگا۔

افغان حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے جنرل سید عاصم منیر نے کہا کیا احسان کا بدلہ احسان کے علاوہ کچھ اور بھی ہوسکتا ہے، پاکستان کو کالعدم تنظیموں کیلئے پناہ گاہوں اور افغان سرزمین سے کارروائی پر تحفظات ہیں، پاکستان دہشت گردوں کے نیٹ ورک ختم کرنے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گا، آئین میں حاکمیت صرف اللہ کی ذات کی ہے، خوارج کون سی شریعت لانا چاہتے ہیں؟۔

آرمی چیف نے مزید کہا میں اور بہادر فوج دہشت گردی کےخلاف جنگ میں خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے، دہشت گردی میں اضافہ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی بے سودکوشش ہے، دہشت گردوں کے پاس ریاست کے سامنے سر تسلیم کرنے کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں، اللہ کے راستے میں جہاد کررہے ہیں اور کامیابی ہماری ہی ہو گی، پاک فوج کا مقصد و نصب العین شہید یا غازی ہے۔

جنرل سید عاصم منیر نے دہشتگردی میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کو علاقائی امن و استحکام کیلئے خطرہ اور دوحہ امن معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا امن برباد کرنے والے ہم میں سے نہیں، افغان مہاجرین کو پاکستان میں ملکی قوانین کے مطابق رہنا ہوگا۔

آرمی چیف نے کہا پاک فوج قبائلی بھائیوں کےساتھ کھڑی ہے، کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی، قبائلیوں نے مادر وطن کے امن و خوشحالی کیلئے بے شمار قربانیاں دیں، وقت تمام قبائلی علاقوں کو ترقی دینے، نوجوانوں پر توجہ مرکوز کرنے کا ہے، مسلح افواج کےخلاف دشمن قوتوں کے پروپیگنڈے سے قانون کے مطابق نمٹا جائےگا، شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، پاکستان میں مکمل امن واپس آئےگا۔

سربراہ پاک فوج نے کہاحکومتی منظوری کے بعد قبائل کے انضمام کے مسائل کے حل کیلئے سیکرٹریٹ قائم کیا جائےگا، نئے ضم شدہ اضلاع میں 81 ارب کے ترقیاتی اور فلاح وبہبود کے منصوبے شروع کئے جائیں گے، زیرتعمیر منصوبوں کے جلد مکمل ہونے میں تمام ترمدد فراہم کی جائےگی، قبائلی عوام کی معاشی ترقی کے منصوبوں میں شرکت یقینی بنائیں گے۔ کے پی پولیس شاندار فورس ہے اور بے پناہ قربانیاں ہیں، خیبرپختونخوا کو کانوں و معدنیات کے بڑے ذخائر سے نوازا گیا، خیبرپختونخوا کی سیاحت یقیناً علاقے کی تقدیر بدلے گی۔

آرمی چیف نے ضم شدہ اضلاع کی سماجی و اقتصادی ترقی کی کوششوں پر زور دیا اور پاک فوج، ایف سی، لیویز، خاصہ دار، پولیس کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا، آرمی چیف نے ٹی ٹی پی خوارج کےلئے لائف لائن بننے والی نارکوٹکس کے خاتمے کا اعادہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق قبائلی مشران نے ملکی ترقی و خوشحالی سمیت امن کےلئے خصوصی دعا کی، قبائلی مشران نے کہا کہ قبائلی عوام فوج کےساتھ تھے اور رہےںگے، کالعدم ٹی ٹی پی اور نظریہ کسی بھی قبیلے کےلئے قابل قبول نہیں۔