چیئرمین پی ٹی آئی کی بے ایمانی پر کوئی شک نہیں: تحریری فیصلہ

اسلام آباد (بیورورپورٹ)چیئرمین پی ٹی آئی کی بے ایمانی پر کوئی شک نہیں، سیشن کورٹ اسلام آباد نے توشہ خانہ کیس کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

سیشن جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کیس میں 4 صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہاملزم کی جانب سے کیس قابل سماعت ہونے کی درخواست پر کسی نے بحث نہیں کی، 5 مئی اور 8 جولائی کو قابل سماعت ہونے کے دلائل پر درخواست مسترد کی جاتی ہے۔

تحریری حکم میں کہا گیا شکایت کنندہ نے تسلی بخش شواہد پیش کیے اور شکایت کنندہ کے دئیے گئے شواہد سے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف الزامات ثابت ہوتے ہیں، ثابت ہوتا ہے چیئرمین پی ٹی آئی نے جھوٹا ریکارڈ الیکشن کمیشن میں جمع کرایا۔

سیشن جج ہمایوں دلاور کی جانب سے فیصلے میں کہا گیا چیئرمین پی ٹی آئی نے قومی خزانے سے لیے تحائف کا غلط فائدہ اٹھایا، توشہ خانہ سے لیے گئے تحائف کا ریکارڈ جھوٹا ثابت ہوا، چیئرمین پی ٹی آئی کی بے ایمانی پر کوئی شک نہیں ۔