توشہ خانہ فوجداری کیس قابل سماعت ہونے کا فیصلہ کالعدم

اسلام آباد (بیورورپورٹ)اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس کو قابل سماعت قرار دینے کا سیشن کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا،چیف جسٹس عامر فاروق نے محفوظ فیصلہ سنا یا، عدالت نے ٹرائل کورٹ کو ایک بار پھر درخواستیں سن کر فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی،اسلام آباد ہائیکورٹ نے مختصر فیصلہ سنایا۔

سیشن کورٹ دوبارہ فریقین کو سن کر قابل سماعت ہونے سے متعلق درخواست پر فیصلہ کرے،ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کا حق دفاع ختم کرنے کیخلاف درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ ہفتے تک جواب طلب کرلیا،تاہم ہائی کورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس دوسری عدالت منتقل کرنے کی پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کردی۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ہمایوں دلاور ہی کیس کی سماعت کریں گے،اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کیس کا تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے جج ہمایوں دلاور کے فیس بک اکانٹ سے متعلق تحقیقات کا حکم دیا،عدالت نے کہا جج ہمایوں دلاور کے فیس بک اکاو¿نٹ پر پوسٹیں مستند نہیں، ایف آئی اے معاملے کی انکوائری کرے۔

فیس بک پوسٹوں میں ملوث افراد کا تعین کرکے دو ہفتوں میں رپورٹ جمع کروائے،تحریری فیصلے میں کہا گیا ٹرائل کورٹ قابل سماعت سے متعلق درخواست میں اٹھائے گئے تمام سوالات کا جواب دے، عدالت کو بتایا گیا کیس کل حتمی دلائل کیلئے مقرر ہے، درخواست گزار یہ یقینی بنائیں عدالت جب بھی حتمی دلائل طلب کرے وہ دلائل دیں گے۔

دوسری جانب ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں توشہ خانہ کیس کی سماعت ہوئی اور جج نے کل چیئرمین پی ٹی آئی کو طلب کرلیا،ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے چیئرمین پی ٹی کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت کی،وکیل الیکشن کمیشن امجد پرویز نے دلائل دئیے 342کے بیان میں ملزم نے خود تسلیم کیا ، جب ملزم خود تسلیم کرلے تو پھر اسے ثابت کرنے کی ضرورت نہیں، ملزم 342کے بیان میں بھی مان گئے ہیں کون کون سے تحائف توشہ خانہ سے لئے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کہتے ہیں ٹیکس ریٹرن سے ثابت ہے میں نے بے ایمانی نہیں کی، ٹیکس ریٹرن کا تو کوئی کیس کے ساتھ تعلق ہی نہیں ،جج ہمایوں دلاور نے کہا چار گواہان کا تعلق ٹیکس سے متعلق تھا، چار گواہان ٹیکس کنسلٹنٹ تھے اور اسی وجہ سے درخواست مسترد کی تھی،وکیل الیکشن کمیشن امجدپرویز نے دلائل دئیے کہ چیئرمین پی ٹی آئی جیولری کے کالم میں لکھتے ہیں جیولری ہے ہی نہیں، وہ اگر عوام کے سامنے جیولری اپنی ظاہر کردیتے تو کیا ہوجانا تھا، میں مان ہی نہیں سکتاچیئرمین پی ٹی آئی کے پاس ایک بھی نہ گاڑی ہو نہ جیولری ہو۔

چار سالوں میں چیرمین پی ٹی آئی کے پاس صرف چار بکریاں رہیں، کیا ماننے والی بات ہے؟،وکیل چیئرمین پی ٹی آئی نے استدعا کی کہ ہائیکورٹ میں معاملہ زیر سماعت ہے، اس کو دیکھ لیں، سپریم کورٹ نے کہا ہے یہ عدالت کیس کا فیصلہ نا سنائے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلوں کا انتظار کرلیں، جلدی کیا ہے،اس پر جج ہمایوں دلاور نے کہا کہ جی بالکل جلدی ہے۔عدالت کو جلدی ہے، یہ بات آپ سپریم کورٹ یا ہائیکورٹ میں کیوں نہیں بول رہے کہ سیشن کورٹ کو جلدی ہے، ہائیکورٹ یا سپریم کورٹ کیوں نہیں روک رہی؟

سٹے کا کوئی فیصلہ ہے تو عدالت لے کر آئیں،جج ہمایوں دلاور نے کیس کی سماعت میں نماز جمعہ تک وقفہ کردیا،وقفے کے بعد سماعت شروع ہوئی تو تب تک اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ بھی آچکا تھا،وکلا نے بتایا اسلام آباد ہائیکورٹ نے قابل سماعت کے معاملے پردرخواست منظور کرکے معاملہ دوبارہ سیشن عدالت بھیجا ہے،اس پر جج ہمایوں دلاور نے کیس کی سماعت کل صبح تک ملتوی کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کو بھی طلب کرلیا۔

جج ہمایوں دلاور نے کہا الیکشن کمیشن نے تو حتمی دلائل دےدئیے ہیں، اب چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا کل ساڑھے8بجے کیس کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر دلائل دیں،عدالت نے حتمی دلائل کیلئے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا کو طلب کرتے ہوئے کہا چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلادلائل دیں، ورنہ کل فیصلہ سنا دیا جائیگا۔

ادھر سپریم کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ ٹرائل روکنے کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹادی،جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ ٹرائل روکنے کی درخواست پر سماعت کی،جسٹس یحییٰ آفریدی نے پوچھا بتائیں اس وقت آپکے کیس کی کیا صورتحال ہے؟

درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کل ہائیکورٹ نے مقدمہ منتقلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا، ہم چاہتے ہیں پہلے اسلام آباد ہائیکورٹ فیصلہ کرے،الیکشن کمیشن کے وکیل نے بھی کہا ضابطہ فوجداری کی شق 526کی ذیلی شق 8کے تحت جب تک مقدمہ منتقلی کی درخواست پر فیصلہ نہ ہوجائے اس وقت تک ٹرائل کورٹ حتمی فیصلہ نہیں کرسکتی۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دئیے بس پھر ٹھیک ہے ، ہم اس معاملے کو قانون سے بالاتر ہوکر دیکھ رہے ہیں، الیکشن کمیشن کے وکیل نے بھی تسلیم کیا مقدمہ منتقلی کی درخواست پر فیصلہ ہونے تک ٹرائل کورٹ کوئی حتمی فیصلہ نہیں کرسکتی،سپریم کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹادی۔