اسلام آباد (مشرق نیوز) فوجی عدالتوں میں آرمی ایکٹ کے تحت عام شہریوں کے ٹرائل کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر درخواستوں پر سماعت جاری ہے، دوران سماعت بیرسٹر اعتزاز احسن نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کیخلاف ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔
چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی اور جسٹس عائشہ اے ملک پر مشتمل 6 رکنی لارجر بنچ درخواستوں پر سماعت کر رہا ہے۔
سماعت کے آغاز پر بیرسٹر اعتزاز احسن روسٹرم پر آ گئے، انہوں نے عدالت سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ میں 4 لائنیں پڑھنا چاہتا ہوں، پارلیمنٹ میں ایک نیا قانون منظور ہوا ہے، خفیہ ادارے کسی بھی وقت کسی کی بھی تلاشی لے سکتے ہیں، انٹیلی جنس ایجنسیوں کو بغیر وارنٹ تلاشی کا حق قانون سازی کے ذریعے دے دیا گیا، اس قانون سے تو لا محدود اختیارات سونپ دیئے گئے ہیں۔
اعتزاز احسن نے مزید کہا کہ یہاں سپریم کورٹ کے 6 ججز بیٹھے ہیں، اس وقت سپریم کورٹ کے 6 ججز کی حیثیت فل کورٹ جیسی ہے، سپریم کورٹ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے خلاف ازخود نوٹس لے۔
چیف جسٹس نے اعتزاز احسن سے استفسار کیا کہ کیا آفیشل سیکرٹ ایکٹ بل ہے یا قانون ہے؟ بل پارلیمنٹ کے دوسرے ایوان میں زیر بحث ہے، دیکھیں پارلیمنٹ کا دوسرا ایوان کیا کرتا ہے، ہمیں اس بارے میں زیادہ علم نہیں صرف اخبار میں پڑھا ہے، لارجر بنچ کا فیصلہ ہے کہ اکیلا چیف جسٹس ازخود نوٹس نہیں لے سکتا۔ اعتزاز احسن نے تجویز دی کہ آپ اپنے باقی ججوں سے مشاورت کر لیں۔
چیف جسٹس نے مزید ریمارکس دیئے کہ آپ یہ ہمارے علم میں لائے، آپ کا شکریہ، اس پر اعتزاز احسن نے کہا کہ ملک میں اس وقت مارشل لا جیسی صورتحال ہے۔
فوج کو پابند کرینگے غیرآئینی اقدام نہ کرے: چیف جسٹس



















