پولیس فورس کو مثبت کاموں کی تشہیر کی اجازت دےدی گئی

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس کی سوشل میڈیا پالیسی کو اپ گریڈ کرتے ہوئے فورس کے مثبت تشخص کو اجاگر کرتے کاموں کی تشہیر کی اجازت دے دی ہے۔فورس کے نام جاری خصوصی ویڈیو پیغام میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اپ گریڈ سوشل میڈیا پالیسی کے حوالے سے بتایا کہ دور حاضر کے کمیونی کیشن سسٹم میں سوشل میڈیا انتہائی فعال اور کارآمد قوت ہے جس کا دانشمندانہ استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔سوشل میڈیا پر ڈس انفارمیشن کی وجہ سے ملک کے اداروں کا بھی نقصان ہوتا ہے اور شہریوں کے اعتماد کو نقصان پہنچتا ہے۔ دریں اثناء آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے عشرہ محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی و دیگر انتظامات پر تمام متعلقہ اداروں کے سٹاف کو شاباش دیتے ہوئے انکی شاندار کارکردگی کو سراہا ہے۔ آئی جی پنجاب نے ویڈیو پیغام میں پولیس افسران و اہلکاروں کے ساتھ ساتھ دیگر اداروں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ محرم سکیورٹی کے بہترین انتظامات کا کریڈٹس صرف پولیس کو دینا مناسب نہیں، کچھ بولڈ فیصلوں کا کریڈٹ سب کو جاتا ہے۔ علاوہ ازیں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تھانہ کوٹ لکھپت پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے تعریفی اسناد سے حوصلہ افزائی کی ہے، تھانہ کوٹ لکھپت پولیس نے گھر سے ناراض ہوکر نکلنے والی ذہنی معذور جواں سالہ لڑکیوں کے والد کو تلاش کرکے انکے سپرد کیا تھا۔ 24 سالہ مہوش اور 23 سالہ آمنہ بھائی کے ڈانٹنے پر گھر سے بھاگ آئی تھیں، والد نے 15 پر کال کی۔ کوٹ لکھپت پولیس نے قینچی سٹاپ سے لڑکیوں کو تحویل میں لیا، والدین کی تلاش کیلئے وائرلیس کالز، سوشل میڈیا سمیت دیگر ذرائع سے مدد لی گئی، ایس ایچ او کوٹ لکھپت غلام حسن نے ضلع قصور صدر سے لڑکیوں کے والدین کو تلاش کر لیا۔ آئی جی پنجاب نے بہترین کارکردگی پر ایس ایچ او غلام حسن اور انکی ٹیم کو تعریفی اسناد اور کیش انعامات سے نوازا۔ انعامات حاصل کرنےوالوں میں ٹی ایس آئی شکیلہ یونس، ہیڈ کانسٹیبلز بشارت علی، امداد حسین اور کانسٹیبل احمد ایاز شامل تھے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی شاندار کارنامے پر پوری ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ مشکلات میں گھرے شہریوں کی مدد کیلئے خدمت خلق کے جذبے کے تحت ترجیحی اقدامات جاری رکھے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ ایسے فرض شناس اور درد دل رکھنے والے افسران و اہلکاروں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رہےگا۔