اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ نوجوان مایوس نہ ہوں، پاکستان کا مستقبل تابناک ہے۔ ایک پریس کانفرنس میں مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان میں معدنیاتی مٹی کی قیمت 6.1 ٹریلین ڈالر ہے، ملک بے شمار معدنیات سے مالا مال ہے، معدنیات کی مائننگ سے سب سے زیادہ فائدہ غریب عوام کو ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ معدنیات کے انقلاب سے ملک میں روزگار کے بےشمار مواقع پیدا ہوں گے، اس معدنیاتی انقلاب کے لیے ہمارے 3 گول ہیں، روزگار، ترقی اور ایکسپورٹ۔ لیگی رہنما کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں مزدور طبقہ بہت ہے، ان کو ملازمت فراہم کریں گے، ہم اس مٹی سے عوام کو فائدہ پہنچائیں گے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ اس ملک میں آپ کو ناامیدی کیوں نظر آتی ہے، ہم ان معدنیات پر فوکس کر رہے ہیں، گوادر میں انڈسٹریل زون بنائیں گے، معدنیاتی انقلاب سے ملکی برامدات میں اضافہ ہو گا، بلوچستان میں معدنیات سے متعلق انڈسٹری لگائیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ جو معدنیات اور مٹی ہم بیچیں گے اس سے ملک لاکھوں ڈالر کمائے گا، سونا اور تانبہ ملک کی تقدیر بدلے گا۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ خام معدنیات سے دھاتوں کو نکالنے کے کام کا آغاز کیا جائےگا، معدنیات کی کھدائی کے حوالے سے نئی قانون سازی کی جائےگی، انسانی اور ماحولیاتی تحفظ کیلئے واضح منصوبہ بندی ہو گی۔ مصدق ملک کا یہ بھی کہنا ہے کہ بیرونی سرمایہ کاروں کو ملک میں خوش آمدید کہیں گے، سرمایہ کاروں کیلئے ون ونڈو آپریشن عمل شروع کیا جائےگا۔
نوجوان مایوس نہ ہوں، پاکستان کا مستقبل تابناک ہے: مصدق ملک
















