لاہور (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے دور میں ملکی معیشت کی تباہی کی گئی ، گزشتہ حکومت کی بیڈگورننس نے پاکستان کو اس حالت میں پہنچایا ہے۔ گورنر ہاوس لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کل 10محرم کو تمام مجالس اور جلوس پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہوئے، لاہور سمیت پنجاب بھر میں بہترین انتظامات پر وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی، آئی جی پنجاب سمیت تمام انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ وزیراعظم نے محرم الحرام پر بہترین سکیورٹی انتظامات پر وفاقی و صوبائی وزرائے داخلہ، انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کیا، شہباز شریف نے عاشورہ محرم پر بہترین انتظامات کرنے وزیراعلیٰ سندھ اور انتظامیہ کو بھی مبارکباد دی۔ شہباز شریف نے کہا کہ آج گورنر ہاوس میں عوامی مفاد کے اہم منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا، لاہور میں پی کے ایل آئی کی طرز پر میڈیکل سٹی کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا ہے، یہ تقریباً 50ارب روپے کا منصوبہ ہے، پی کے ایل آئی جنوبی ایشیا کا شاندار ترین ہسپتال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیکل سٹی منصوبے کو پنجاب اور وفاقی حکومت ملکر مکمل کرےگی، لاہور کا میڈیکل سٹی دنیا کے کسی بھی میڈیکل سٹی کے ہم پلہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے رنگ روڈ کا ایک جزو رہ گیا تھا، جب رنگ روڈ پر 7 کلومیٹرتک کا منصوبہ مکمل ہوجائے گا تو لوگوں کو سہولت ملے گی، لوگوں کو ایس ایل تھری منصوبے کا بہت فائدہ ہوگا، ایف ڈبلیو او اس منصوبے پر کام کررہا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شاہدرہ سے کالاشاہ کاکو تک میٹرو بس توسیعی منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھا ہے، کالاشاہ کاکو میں بہت سے تعلیمی اداروں کے کیمپس آرہے ہیں، یہ منصوبہ 5 ماہ میں مکمل ہوجائےگا، گزارش کرونگا کہ کالاشاہ کاکو منصوبہ 3 سے 4 ماہ میں مکمل کیا جائے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ساڑھے 5 سو میگا واٹ کا قدرتی گیس سے چلنے والے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا، حویلی بہادر شاہ کے منصوبے کی پاور بھکی کے مقابلے میں 100میگاواٹ زیادہ تھی، 2016 میں اس منصوبے کا شفاف طریقے سے آغاز کیا تھا، یہ دوسرا منصوبہ تھا جس نے ایل این جی سے چلنا تھا، اس منصوبے میں ہم نے 12ارب 80 کروڑ روپے کی بچت کی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے دور میں ملکی معیشت کی تباہی کی گئی: وزیراعظم
















