اسلام آباد (بیورو رپورٹ) فوج کو بدنام کرنے پر 2 سال قید، ملکی سلامتی کی معلومات کے انکشاف پر 5 برس سزا ہوگی، سینٹ نے آرمی ایکٹ ترمیمی بل منظور کرلیا۔
چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کی سربراہی میں سینٹ کا اجلاس ہوا، ایوان نے وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے پیش کیا گیا آرمی ایکٹ ترمیمی بل منظور کرلیا، بل کے تحت سرکاری حیثیت میں ملکی سلامتی و مفاد میں حاصل معلومات کا غیرمجاز انکشاف کرنےوالے شخص کو 5 سال تک سخت قید کی سزا دی جائےگی، آرمی چیف یا بااختیار افسر کی اجازت سے انکشاف کرنےوالے کو سزا نہیں ہوگی، پاکستان اور افواج پاکستان کے مفاد کےخلاف انکشاف کرنےوالے سے آفیشل سیکرٹ، آرمی ایکٹ کے تحت نمٹا جائےگا۔
قانون کے ماتحت فوجی اہلکار سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے گا، متعلقہ اہلکار کا ریٹائرمنٹ، استعفیٰ، برطرفی کے 2 برس بعد تک سیاسی سرگرمی میں حصہ لینا ممنوع ہوگا، حساس ڈیوٹی پر تعینات شخص 5 سال تک سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے گا، سیاسی سرگرمی میں حصہ لینے پر پابندی کی خلاف ورزی کرنےوالے کو 2 سال تک سخت سزا ہوگی، آرمی ایکٹ کے ماتحت شخص اگر الیکٹرانک کرائم میں ملوث ہو جس کا مقصد پاک فوج کو بدنام کرنا ہو تو الیکٹرانک کرائم کے تحت کارروائی کی جائےگی، آرمی ایکٹ کے تحت اگر کوئی شخص فوج کو بدنام کرے یا نفرت انگریزی پھیلائے تو2 سال تک قید و جرمانہ ہوگا۔
دوران اجلاس آرمی ایکٹ میں ترامیم شامل نہ کرنے پر رضا ربانی اور طاہر بزنجو نے ایوان سے علامتی واک آو¿ٹ کیا جبکہ سینیٹر مشتاق نے کہا سب کو فوج سے محبت ہے لیکن ایوان کے تقدس کا خیال رکھا جائے۔
علاوہ ازیں سینٹ نے کنٹونمنٹس ایکٹ اور بورڈ آف انویسٹمنٹ سمیت مزید بلوں کی منظوری دےدی۔
دوسری جانب حکومت نے قومی اسمبلی میں 26 یونیورسٹیوں و اعلیٰ تعلیمی اداروں کے قیام کے بل منظور کرکے نیا ریکارڈ قائم کردیا، بل منظوری سے قبل قائمہ کمیٹی کو بھی نہیں بھجوائے گئے۔
منظور کی گئی یونیورسٹیوں، اعلیٰ تعلیمی اداروں میں میٹروپولیٹن بین الاقوامی ادارہ برائے سائنس و ٹیکنالوجی، عسکری ادارہ برائے اعلیٰ تعلیم، فیڈرل ضیا الدین یونیورسٹی، انڈس یونیورسٹی برائے سائنس، ٹیکنالوجی، ادارہ برائے مینجمنٹ و ٹیکنالوجی، پاک چین گوادر یونیورسٹی، شہید بےنظیر بھٹو یونیورسٹی، ادارہ برائے صحت و پیشہ وارانہ علوم، شیخوپورہ ادارہ برائے ایڈوانس سائنسز، کاسمک ادارہ برائے سائنس، ٹیکنالوجی اسلام آباد، بلھے شاہ بین الاقوامی یونیورسٹی، راوی انسٹیٹیوٹ ساہیوال، بین الاقوامی اسلامی ادارہ برائے امن شامل ہیں۔
شاہ بانو انسٹیٹیوٹ جڑانوالہ، بین الاقوامی میمن یونیورسٹی، اُم ابیہہ ادارہ برائے علوم صحت، مفتی اعظم یونیورسٹی اسلامی، کلام بی بی بین الاقوامی ادارہ برائے خواتین بنوں، اسلام آباد بین الاقوامی یونیورسٹی، اسلام آباد ادارہ برائے جدید علوم، البیرونی بین الاقوامی یونیورسٹی، نیشنل یونیورسٹی برائے صحت ایمرجنگ سائنسز و ٹیکنالوجی اسلام آباد، قومی ادارہ برائے ٹیکنالوجی، پاکستان ادارہ برائے مینجمنٹ سائنسز اور ٹیکنالوجی، ہورائزن یونیورسٹی بھی منظور شدہ یونیورسٹیوں میں شامل ہیں۔
فوج کو بدنام کرنے پر 2 سال قید،سینٹ میں آرمی ایکٹ ترمیمی بل منظور
















