سیلاب متاثر ین کو تنہا نہیں چھوڑا جائےگا،محرم میں امن کی فضا برقرار رکھیں گے،محسن نقوی

لاہور ،چینوٹ(خبر نگار،ڈسٹرکٹ رپورٹر )دریائے چناب میں پانی کی سطح میں اضافہ ، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی چنیوٹ کے متاثرہ موضع ساہمبل جاپہنچے،محسن نقوی نے دریا کے کٹاو سے متاثرہ موضع ساہمبل کا تفصیلی دورہ کیا ،کٹاو کے باعث ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔

محسن نقوی نے متاثرہ لوگوں سے ملاقات کی ،مسائل سنے ،امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا،محسن نقوی نے کٹاو سے متاثرہ گاوں و منہدم گھروں کا معائنہ کیا۔

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے موضع ساہمبل کو دریا کے کٹاو سے بچانے کےلئے حفاظتی بند بنانے کا اعلان کیا اور کہا حفاظتی بند کےلئے فنڈز جاری کئے جا رہے ہیں،موضع ساہمبل میں موجود لوگ حفاظتی تدابیر اختیار ،انتظامیہ سے تعاون کریں ،اگلے 4روز میں دریاکے بہاومیں اضافے کا امکان اور موضع ساہمبل بھی کٹاومیں آسکتا ہے۔

محسن نقوی نے انتظامیہ کوتمام تر حفاظتی اقدامات بروئے کار لانے کا حکم دیا اور کہا حکومت سیلاب متاثرین کو تنہانہیں چھوڑے گی، منہدم گاوں کے مکینوں کا پورا خیال رکھا جائے گا،محسن نقوی نے ریلیف سرگرمیوں کیلئے انتظامیہ کو ہدایات دیتے ہوئے کہا متاثرہ لوگوں تک کھانے پینے کی اشیا اور مویشیوں کیلئے چارہ پہنچایا جائے،متاثرین کی ضروریات کا مکمل خیال رکھا جائے،محکمہ آبپاشی،پی ڈی ایم اے،ریسکیو1122 الرٹ رہیں،دریائے چناب میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کےلئے تمام ترممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔

دریں اثنا نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چنیوٹ کی تحصیل بھوانہ ،تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بھوانہ کا دورہ کیا،محسن نقوی نے بھوانہ شہر میں بارش سے پیدا ہونےوالی صورتحال ،ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔

محسن نقوی نے شہر میںپانی جمع ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ کو نکاسی آب کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیااور کہا بھوانہ شہر میں پانی کی جلد نکاسی کیلئے ضروری وسائل و مشینری کو استعمال میں لایا جائے۔

نگران وزیراعلیٰ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بھوانہ کی ایمرجنسی ودیگر وارڈزبھی گئے،مریضوں کی عیادت کی ،مریضوں ،تیمارداروں نے ہسپتال میں مفت ادویات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا،محسن نقوی نے کہا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بھوانہ میں ڈاکٹرز کم ہیں،مریضوں کی تعداد کے لحاظ سے ڈاکٹرز کی تعداد بڑھائی جائے گی۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے رات گئے خیمہ سادات، لٹن روڈاورٹیکسالی گیٹ کا دورہ کیا ،مجالس ،جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کاجائزہ،روٹس کامعائنہ کیا، محسن نقوی نے کہامحرم الحرام کے دوران امن عامہ کے قیام کےلئے پنجاب بھر میں فول پروف انتظامات کئے گئے ، جلوسوں ،مجالس کی جیو ٹیگنگ کی گئی ،امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے پوری کوشش کررہے ہیںجہاں ضرورت ہو گی موبائل سروس بند کی جائے گی،اتفاق ،اتحاد سے امن کی فضا برقرار رکھیں گے۔

مزید برآںنگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے فلاح عامہ کے منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی اور لاہو رمیں نکاسی آب کے مسائل کے پائیدار حل کیلئے قابل عمل پلان طلب کر لیا۔

محسن نقوی نے لاہو رکی سڑکوں پر بارش کے پانی کے فوری نکاس کیلئے ضروری اقدامات پر زور دیتے ہوئے کہا بڑی شاہراہوں پر پانی کی نکاسی کے موثر نظام کا نہ ہونا قابل توجہ ہے، مال روڈ، ملتان روڈ، مین بلیوارڈگلبرگ و دیگر بڑی سڑکوں پر پانی کی فوری نکاسی میں کوتاہی نہ کی جائے،لاہور سمیت بڑے شہرو ں کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی بروقت تکمیل ناگزیر ہے۔