اسلام آباد (بیورو رپورٹ) نگران حکومت کے اختیارات میں اضافہ، پہلے سے جاری منصوبوں پر بات کرنے کا اختیار، کوئی نیا معاہدہ نہیں کرسکے گی، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا،الیکشن ایکٹ کے سیکشن 230 کے کلاز 2 اے میں ترمیم کے ذریعے نگران وزیر اعظم کے اختیارات میں اضافہ کیا گیا۔
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیرصدارت پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی جانب سے پیش کئے گئے بل کی شق وار منظوری لی گئی، جماعت اسلامی، پی ٹی آئی اور رضا ربانی کی مخالفت پر شق 230 کی ذیلی شق ون، 2 میں ترمیم کردی گئی۔
الیکشن ایکٹ میں شامل شق 230 میں ترامیم کے ذریعے نگراں حکومت کو روزہ مرہ کےساتھ ہنگامی نوعیت، آئی ایم ایف سمیت دیگر ناگزیر معاملات دیکھنے کا اختیار ہوگا، پہلے سے جاری پروگرام، منصوبوں پراختیار استعمال کر سکے گی، بل کے تحت نگراں حکومت کے اختیارات محدود ہوں گے، کوئی نیا معاہدہ نہیں کرسکے گی، الیکشن ایکٹ میں شامل دیگر ترامیم کے مطابق پریزائیڈنگ افسر نتیجہ فوری الیکشن کمیشن، ریٹرننگ افسر کو بھیجنے کا پابند ہوگا۔
پریزائیڈنگ افسر حتمی نتیجے کی تصویر بنا کر ریٹرننگ افسر، الیکشن کمیشن کو بھیجے گا، انٹرنیٹ کی سہولت نہ ہونے کی صورت میں پریذائیڈنگ افسر اصل نتیجہ فیزیکلی پہنچانے کا پابند ہو گا، پریزائیڈنگ افسر کو الیکشن کی رات 2 بجے تک نتائج دینا لازم ہوگا، تاخیر کی صورت میں ٹھوس وجہ بتانا ہوگی، پریزائیڈنگ افسرکے پاس الیکشن نتائج کےلئے اگلے دن صبح 10 بجے کی ڈیڈ لائن ہوگی، ترمیم کے تحت الیکشن کمیشن پولنگ سے ایک روز قبل شکایات نمٹانے کا پابند ہوگا، نادرا کا ادارہ الیکشن کمیشن کو نئے شناختی کارڈ کے ریکارڈ کی فراہمی کا پابند ہوگا، پولنگ ڈے سے 5 روز قبل پولنگ سٹیشن تبدیل نہیں کیا جاسکے گا۔
انتخابی اخراجات کےلئے امیدوار پہلے سے زیراستعمال بینک اکاﺅنٹ استعمال کرسکیں گے، حلقہ بندیاں رجسٹرڈ ووٹرز کی مساوی تعداد کی بنیاد پر کی جائیں گی، حلقہ بندیوں کا عمل انتخابی شیڈول کے اعلان کے 4 ماہ قبل مکمل ہوگا، تمام انتخابی حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد برابر ہوگی، حلقوں میں ووٹرز کی تعداد میں فرق 5 فیصد سے زائد نہیں ہوگا، حلقہ بندیوں کےخلاف شکایت 30 روز میں کی جاسکے گی، بل کے تحت الیکشن کمیشن پولنگ عملے کی تفصیلات ویب سائٹس پر جاری کرےگا، پولنگ عملہ انتخابات کے دوران اپنی تحصیل میں ڈیوٹی نہیں دےگا، پولنگ سٹیشن میں کیمروں کی تنصیب میں ووٹ کی رازداری یقینی بنائی جائےگی۔
کاغذات نامزدگی مسترد یا واپس لینے پر امیدوار کو فیس واپس کی جائےگی، امیدوار ٹھوس وجوہات کی بنیاد پر پولنگ سٹیشن کے قیام پراعتراض کرسکے گا، حتمی نتائج کے 3 روز کے اندر سیاسی جماعتیں مخصوص نشستوں کی حتمی ترجیحی فہرست فراہم کریں گی، ترمیمی بل کے تحت قومی اسمبلی کی نشست کیلئے 40 لاکھ سے ایک کروڑ روپے تک خرچ کرنے کی حد ہوگی، صوبائی نشست کےلئے انتخابی مہم پر 20 سے 40 لاکھ روپے تک خرچ کئے جاسکیں گے۔
الیکشن ایکٹ کے تحت غفلت پر پریزائیڈنگ، ریٹرننگ افسر کےخلاف فوجداری کارروائی کی جائےگی، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا فیصلہ 15 کی بجائے 7 روز میں کیا جائےگا، پولنگ عملے کی حتمی فہرست الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کی جائےگی، امیدوار 10 روز کے اندر حلقے میں پولنگ عملے کی تعیناتی کو چیلنج کرسکے گا، سکیورٹی اہلکار پولنگ سٹیشن کے باہر ڈیوٹی دیں گے، ہنگامی صورتحال میں پریزائیڈنگ افسر کی اجازت سے پولنگ سٹیشن کے اندر آسکیں گے۔
الیکشن کمیشن ریٹرننگ افسر کو ماتحت حلقے کی ووٹر لسٹ پولنگ سے 30 روز قبل فراہم کرنے کا پابند ہوگا، معذور افراد کو ووٹ کی سہولیات پریزائیڈنگ افسر دینے کا پابند ہوگا، الیکشن ٹریبونل 180 ایام میں امیدوار کی جانب سے دائر پٹیشن پر فیصلہ کرنے کا پابند ہوگا، انٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانے کی صورت میں پارٹی کو 2 لاکھ جرمانہ ہوگا، ترمیم کے تحت ہارنے ، جیتنے والے امیدوار میں ووٹ کا فرق 5 فیصد ہونے پر دوبارہ گنتی ہوگی، قومی اسمبلی کی نشست پر 8 ہزار، صوبائی اسمبلی کی نشست پر 4 ہزار ووٹ کے فرق پر دوبارہ گنتی ہوگی، ریٹرننگ افسر اپنی نگرانی اور امیدواروں کی موجودگی میں دوبارہ گنتی کرائےگا، ٹرانس جینڈرز کو ووٹ کا حق دینے کی ترمیم بھی مشترکہ اجلاس میں منظور کرلی گئی، الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2023 کی کثرت رائے سے منظوری کے بعد پارلیمنٹ کامشترکہ اجلاس 7 اگست دن 11 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
قبل ازیںکورم کی نشاندہی پر سپیکر نے بل کی منظوری روک کرگنتی کرائی، حکومت کو مشترکہ اجلاس کا کورم پورا کرنے کےلئے 113 اراکین کی ضرورت تھی لہٰذا کورم پورا ہونے پر قانون سازی کا عمل دوبارہ شروع ہوا، پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما رضا ربانی نے نگراں حکومت پر شق کی مخالفت کرتے ہوئے کہا مجھے الیکشن ایکٹ میں دیگر ترامیم پر کوئی اختلاف نہیں، سیکشن 230 میں کچھ چیزیں ایسی ہیں جس پر اختلاف تھا، وزیر قانون کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے سیکشن 230 سے کچھ شقیں نکال دیں اور کچھ کو بہتر کرلیا۔
رضا ربانی نے کہا نگران حکومت کے اختیارات کو مزید بڑھانا درست نہیں ، پہلی بار ہوا وزیراعظم کو خود کئی بار آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر سے فون پر بات کرنا پڑی، نئی نئی روایات رکھی جارہی ہیں، بین الاقوامی سامراج کے کہنے پر اپنی سکیم سے ہٹنا پڑ رہا ہے، اب نیشنل انٹرسٹ کی جگہ اکنامک اور سکیورٹی انٹرسٹ نے لے لی،
پی پی سینیٹر نے نگراں وزیراعظم کو آئی ایم ایف طرز کے معاہدوں جیسے اختیارات دینے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا جب بھی نگرانوں نے ایسے معاہدے کئے نتائج بھگتنا پڑے، آئی ایم ایف کا سیاسی جماعتوں سے پوچھنا پاکستان کی خودمختاری میں مداخلت ہے۔
رضا ربانی نے کہا بتایا جائے نجکاری کس ڈے ٹو ڈے بزنس میں آتی ہے جس نگراں نے 60 روز میں انتخابات کرانے ہیں نجکاری کی اجازت کیسے دے سکتے ہیں۔ معین قریشی کے آئی ایم ایف سے معاہدے کے نتائج بھگت چکے، نگراں وزیراعظم کو سیکشن 230 کے اختیارات دینے کی مخالفت کرتا ہوں، سیکشن 230 کی ترمیم کو واپس لیا جائے۔
اضافی اختیارات کی مخالفت کرنے والے تحریک انصاف کے سینیٹر علی ظفر نے کہا انتخابات ترمیمی بل میں 3 ترامیم شامل تھیں، بل میں 2 ترامیم صرف پی ٹی آئی کےلئے شامل کی گئیں۔ انہوں نے کہا نگراں حکومت منتخب حکومت کی جگہ نہیں لے سکتی، نگراں کو منتخب حکومت کے اختیارات دینا آئین کا قتل، آئین کی خلاف ورزی ہے، نگراں حکومت کو اختیار دینے والے خواجہ آصف خود نگراں حکومت کے اختیارات کےخلاف سپریم کورٹ گئے تھے، نگراں حکومت کے اختیارات کی شق ختم نہ کی تو سپریم کورٹ اُڑا دیگی، نگراں حکومت کا کام صرف شفاف، منصفانہ انتخابات کرانا ہے۔
وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا بہت سے لوگوں کو شق 230 کو لانے پر اعتراض تھا، غلط فہمی تھی شق کے ذریعے نگران حکومت کو اختیارات دینے کا مقصد طویل مدت تک چلانا ہے۔ ایاز صادق نے کہاورلڈ بینک کے نمائندے میرے پاس آئے جن کو تشویش تھی موجودہ حکومت کی مدت ختم ہونے کے بعد مختلف ترقیاتی منصوبوں کے معاہدوں پر عملدرآمد کیسے ہوگا؟ متعلقہ کمیٹی کی جانب سے ایسا راستہ نکالا جائے جس سے معاہدوں کا تسلسل چلتا رہے۔
الیکشن ایکٹ ترمیمی بل منظور کرانے سے قبل حکومت نے اتحادیوں کو منایا، نگران حکومت اور نگران وزیراعظم کے اختیارات کے معاملے پر انتخابی اصلاحاتی کمیٹی کا اجلاس چیئرمین ایاز صادق کی سربراہی میں، وزیر قانون نے اتحادیوں، اپوزیشن جماعتوں کے رہنماو¿ں کو بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق انتخابی اصلاحات کمیٹی کے اجلاس میں ترامیم پر بات چیت کی گئی اور نگران حکومت کے اضافی اختیارات کو لےکر اتحادیوں کے تحفظات کو دور کیا گیا۔ اجلا س میں نگراں حکومت کو وسیع، لامحدود اختیارات نہ دینے پر اتفاق کیا گیا، اتفاق رائے کے بعد وزیر قانون اعظم نذیر تارڑنے الیکشن ایکٹ میں وہ ترامیم کی جا رہی ہیں جن پر 100 فیصد اتفاق ہے، ایاز صادق نے کہا نگراں حکومت کے اختیارات محدود ہوں گے،کوئی نیا معاہدہ نہیں کرسکے گی لیکن دو اور سہ فریقی معاہدوں اور پہلے سے جاری منصوبوں پر اداروں سے بات کرنے کا اختیار ہوگا۔
نگران حکومت کے اختیارات میں اضافہ،کوئی نیا معاہدہ نہیں کرسکے گی،الیکشن ایکٹ ترمیمی بل منظور
















