سعودیہ، ،امارات اورقطر پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کیلئے تیار

اسلام آباد (بیورورپورٹ)پاکستان کی معاشی خود انحصاری کے پلان میں بڑی پیشرفت ، خلیجی ممالک نے پاکستانی معاشی ترقی میں شراکت دار بننے کا عندیہ دےدیا۔

پاکستان میں سابق سعودی سفیر علی عواد العسیری نے عرب نیوز میں شائع ہونےوالے مضمون میں کہاوزیر اعظم شہبازشریف نے معاشی بحالی کے امکانات بڑھانے کےلئے بہترین کام کیا ،سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کریں گے ،پاکستان ساورن فنڈ بنایا جائے گا، ساورن فنڈ بیوروکریٹک ،ریگولیٹری دقتوں سے پاک ہوگا،7ریاستوں کے 2.3 ٹریلین روپے (8 ارب ڈالر) کے اثاثے فنڈ میں منتقل کئے جا رہے ہیں۔


علی عواد العسیری نے کہاحصص و فروخت کے ذریعے ساورن فنڈ میں مزید اضافہ ہو گا، فنڈ کی آمدن بڑی سرمایہ کاری کیلئے استعمال ہو گی، حکومت خلیجی ممالک کےساتھ ملکر خسارے والے اداروں کی نجکاری و لیزنگ پر کام کرے گی، 2035 تک پاکستانی معیشت ایک ٹریلین ڈالر ہو جائےگی، یو اے ای کےساتھ جامع معاشی شراکت داری طے پا گئی ۔

سابق سفیر نے مزید کہاوزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کو بحرانوں سے نکال کر استحکام کی راہ پر ڈال دیا، بہترین کام کیا ، شہباز شریف نے پاکستان کی معاشی بحالی کے امکانات میں اضافہ کر دیا، حکومت نے معاشی، سیاسی، سلامتی اور خارجہ محاذ پر نمایاں پیشرفت دکھائی، وزیر اعظم کو اپریل 2022 میں ذمہ داری سنبھالنے کے بعد ڈیفالٹ سمیت مشکل ترین حالات کا سامنا تھا۔

علی عواد العسیری نے لکھادہشتگردی کی تازہ لہر نے مزید مسائل بڑھائے، خارجہ سطح پر بڑی طاقتوں کےساتھ تعلقات انتہائی بری سطح پر تھے، با اعتماد ساتھیوں کا اعتماد بحال کرنا کٹھن چیلنج تھا، وزیر اعظم شہباز شریف نے انتہائی پیچیدہ حالات کا رخ بڑی کامیابی سے موڑا ، اتحادیوں، سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ اور فارن پارٹنرز کےساتھ ملکر حالات کو مستحکم کیاپاکستان اب مستحکم ہے اور نگران دور کی طرف جا رہا ہے، سپیشل انویسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل ون ونڈو کی سہولت دینے کیلئے بنائی گئی ، آرمی چیف و دیگر فوجی حکام کی شمولیت سے تسلسل، شفافیت اور اکاونٹبیلیٹی کی اہم ضمانت مل گئی، معاشی بحالی کے منصوبے کا انحصار کئے جانےوالے ٹھوس اقدامات پر ہے۔

مضمون میں مزید کہا گیاسعودی ویژن 2030 سے پاکستان کو معاشی ترقی کے بے پناہ مواقع مل سکتے ہیں، ہنرمند پاکستانیوں کو خلیجی ممالک میں روزگار ملے گا، پاکستان کی سول و ملٹری قیادت سمجھتی ہے خلیجی ممالک پاکستان کو معاشی بحران سے نکال سکتے ہیں،پاکستان نے ہمیشہ سعودی عرب و دیگر خلیجی ممالک کےساتھ اقتصادی، سیاسی و ثقافتی تعلقات کو ترجیح دی ، توقع ہے مستقبل کی سیاسی قیادت اقتصادی پالیسیوں خاص طور پر خلیج تعاون کونسل (جی سی سی)کی معیشتوں کےساتھ تیزی سے ترقی پذیر شراکت داری کیلئے موجودہ رفتار کو برقرار رکھے گی۔

سابق سعودی سفیر نے کہا خلیج تعاون کونسل کا خطہ پاکستانی معیشت میں اہم کردار ادا کرتا ہے جو توانائی کی درآمدات و غیر ملکی ترسیلات کے بنیادی ذریعہ کے طور پر کام کرتا ہے، خطہ پاکستانی تارکین وطن کارکنوں کی سب سے بڑی تعداد کا مسکن بھی ہے۔