عوام کی زندگیوں میں مثبت اثرات دیکھنے کیلئے بے چین ہوں: راجہ پرویزاشرف

اسلام آباد (بیورو رپورٹ)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ واحد پلیٹ فارم ہے جو عوام دوست قانون سازی کو فروغ دیتا ہے، خواتین پارلیمانی کاکس ، پارلیمانی کاکس آن چائلڈ رائٹس ، SDGs پر پارلیمانی ٹاسک فورس، ینگ پارلیمانی فورم (YPF) جیسے پارلیمانی فورم موثر قانون سازی کے مقصد کو آگے بڑھانے کیلئے اراکین پارلیمنٹ کو معاونت فراہم کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاو¿س اسلام آباد میں ڈائریکٹوریٹ آف پارلیمانی فورمز کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے ڈائریکٹوریٹ آف پارلیمانی فورم بنانے کیلئے شعبہ خصوصی اقدامات ونگ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ کا مقصد ایک ایسا پلیٹ فارم بنانا ہے جو پالیسیوں، قانون سازی اور گورننس کی تشکیل میں شہریوں کی فعال شمولیت کے ذریعے سہولت فراہم کرے۔انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف پارلیمانی فورمز عوام کو ان کے منتخب نمائندوں سے جوڑنے اور انہیں اپنے خیالات، تحفظات اور تجاویز کو موثر انداز میں پیش کرنے کیلئے بااختیار بنانے میں پل کا کردار ادا کرےگا۔ سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف پارلیمانی فورمز ہماری پارلیمانی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کرے گا، ہمارا مقصد شہریوں کی شمولیت کو ترجیح دینا اور اپنے جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے کیلئے ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانا ہے۔انہوں نے کہا کہ قانون سازی کے عمل کے ذریعے شہریوں کی زندگیوں میں مثبت اثرات دیکھنے کے لیے بے چین ہیں۔