پروموشن اور ویلفیئر اقدامات کانعم البدل عام شہریوں تک انصاف کی فراہمی ہے :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب پولیس اور یونیورسٹی طلباءکے اشتراک سے بنائی گئی شارٹ فلم ''محافظ'' کی افتتاحی تقریب الحمرا ہال میں منعقد ہوئی جس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خطاب کرتے ہوئے فورس کو اہم ہدایات جاری کیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے یونیورسٹی طلبا کی تخلیقی کاوش '' محافظ'' کو سراہتے ہوئے کہاکہ یونیورسٹی طلبا کی جانب سے شارٹ فلم کے پیرائے میں پولیس فورس کی شب و روز کی عکاسی قابل ستائش انداز میں کی گئی ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے فورس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پولیس دفاتر اور کیرئیر گروتھ میں آنے والی تبدیلی کا اثر فورس کی کارکردگی اور رویوں میں بھی نظر آنا چاہئے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ دو لاکھ کی پولیس فورس روزانہ کوئی ایک ایسا کام ضرور کرے جس سے عام آدمی کو فائدہ ہو، کیونکہ تمام پروموشن اور ویلفیئر اقدامات کا نعم البدل عام شہریوں تک انصاف کی فراہمی ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزیدکہاکہ موٹیویشن، عزم و حوصلے اور عزت و تکریم کو بہترین کارکردگی کی صورت عوام کو لوٹائیں۔ آئی جی پنجاب نے دوران خطاب کہا کہ فورس کی پروموشنز کیلئے اقدامات جاری، مزید 7000 پروموشن دیں گے، ڈرائیونگ لائسنس بنانے کی شرح میں 750 فیصد اضافہ کیا، ہیلمٹ کی پابندی کو ہرصورت یقینی بنائیں گے، ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پولیس وسائل کی بہتر مینجمنٹ سے حاصل شدہ آمدن کو فورس کی ویلفیئر کیلئے تصرف میں لایا جارہا ہے، ڈی ایس پی رینک تک ٹریفک وارڈنز کی پروموشن کیلئے لائحہ عمل تشکیل دے دیا، ہر فارمیشن اور رینک پر میرٹ کے مطابق ترقیاں جاری رہیں گی۔ الحمرا ہال نمبر ایک میں منعقدہ تقریب میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب شہزادہ سلطان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانی زندگیوں کی عکاسی ادب اورآرٹ سے بہتر کوئی نہیں کرسکتا اور یہ شارٹ فلم اس حقیقت کی عکاس ہے کہ پولیس فورس میں خدمات سر انجام دینے والی کسی بھی افسر یا اہلکار کو جب کال فار ڈیوٹی آتی ہے تو پھر ذاتی زندگی کی ساری ذمہ داریاں ثانوی حیثیت اختیار کرلیتی ہیں۔ دریں اثناءانسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے رحیم یار خان میں تھانہ بھونگ کی حدود میں ڈاکوو¿ں کی پولیس موبائل پر فائرنگ سے 3 پولیس اہلکار زخمی ہونے کا واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔آئی جی پنجاب نے زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ڈی پی او رحیم یارخان کو فائرنگ میں ملوث ڈاکوو¿ں کی فوری گرفتاری کا حکم بھی دیا۔ ڈاکوو¿ں کی فائرنگ سے کانسٹیبلز الطاف اور لطیف معمولی زخمی جبکہ کانسٹیبل عدیل شدید زخمی ہوا۔ ڈی پی او رحیم یارخان رضوان عمر گوندل فوری طور پر شیخ زید ہسپتال پہنچے اور اپنی نگرانی میں زخمی اہلکاروں کو طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی۔ ڈی پی او رحیم یارخان رضوان عمر گوندل نے کہاکہ پولیس اہلکاروں پر فائرنگ میں ملوث ڈاکوو¿ں کی گرفتاری کےلئے ٹیمیں تشکیل دےدی گئیں،علاقے کو گھیرے میں لےکر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا،جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائےگا۔