ملک کی خاطر سٹینڈ بائی معاہدے کو سپورٹ کیا: شاہ محمود قریشی

اسلام آباد (مشرق نیوز) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی ٹیم سے بہت اچھی ملاقات ہوئی، ہم نے سٹینڈ بائی معاہدہ کو پاکستان کی خاطر سپورٹ کیا، اگر اس معاہدے کو سپورٹ نہ کرتے تو ڈیفالٹ کا خطرہ تھا۔ اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے اندر فضا ابر آلود ہے، دیکھتے ہیں اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے، کل مولانا فضل الرحمان نے پریس کانفرنس کی ہے اور مسلم لیگ (ن) سے نالاں نظر آئے ہیں، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے سیاسی راستے جدا ہوں گے، ایک نئی دلچسپ سیاست جنم لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی ٹیم سے بہت اچھی ملاقات ہوئی، آئی ایم ایف نے پاکستان کو 3 ارب ڈالر کی 9 ماہ کیلئے فسیلٹی دی ہے، ہم نے سٹینڈ بائی معاہدہ کو پاکستان کی خاطر سپورٹ کیا ہے، اگر اس معاہدے کو سپورٹ نہ کیا جاتا تو ڈیفالٹ کا خطرہ تھا، ڈیفالٹ کی صورت میں مہنگائی اور زیادہ بڑھنی تھی۔