پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کی حکومت اپنی آ ئینی مدت پوری کریگی: راجہ پرویز اشرف

سرائے عالمگیر ( نامہ نگار)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کی حکومت اپنی آ ئینی مدت پوری کریگی، پاکستان پیپلز پارٹی آ ئندہ عام انتخابات میں اپنے انتخابی نشان تیر پر حصہ لڑےگی، ابھی کسی سیاسی جماعت سے انتخابی اتحاد زیر غور نہیں۔ پیپلز پارٹی سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں 2023 کے انتخابات میں چاروں صوبوں میں واضح کامیابی حاصل کر کے وفاق سمیت ملک بھر میں حکومتیں بنائیگی۔ پیپلز پارٹی محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے عوام خد مت کے مشن کو جاری رکھنے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے گی عوام ہی طاقت کا سر چشمہ ہیں پیپلز پارٹی عوامی طاقت پر یقین رکھتی ہے۔ پیپلز پارٹی انتقامی سیاست اور کاروائیوں پر یقین نہیں رکھتی، پی ٹی آئی نے ریڈ لائن کراس کی دفاعی اداروں پر حملے کئے، اگر کوئی سیاسی کارکن اور سیاسی جماعت سیاست اور جمہوریت کے دائرے میں اپنا کردار ادا کرینگے تو انکا ساتھ تعاون کیا جائےگا، اسکو جمہوریت کا حصہ تصور کیا جائےگا مگر جلاﺅ گھیراﺅ کی سیاست کرنیوالوں کو ڈھیل نہیں دی جائےگی۔ یہ باتیں راجہ پرویز اشرف نے راجہ عاشق حسین چھینا پاک ناروے فورم کے نائب صدر کی قیادت میں ملنے والے وفد سے سپیکر ہاﺅس میں ملاقات کے دوران کہیں۔ انہوں نے کہا آ ئند ہ عام انتخابات میں عوام کو اپنے نمائندے اپنے ووٹ کی طاقت سے منتخب کرنے کا موقع ملے گا۔ آ صف علی زرداری انتخابات میں پارٹی کی قیادت خود کریں گے اور پیپلز پارٹی دو تہائی اکثریت حاصل کر کے بلاول بھٹو زرداری کو وزیر اعظم پاکستان بنائےگی۔