وزیراعلیٰ پنجاب کا احسن اقدام،سوشل سکیورٹی ہسپتال عوام کیلئے کھول دیئے

لاہور(نمائندہ خصوصی،ہیلتھ رپورٹر، اپنے نمائندے سے)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے تمام سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کو عام عوام کے لیے کھولنے کا اعلان کردیا،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے نوازشریف سوشل سکیورٹی ہسپتال ملتان روڈ کا دورہ کیا اور ایمرجنسی و دیگر وارڈز کا معائنہ کیا، محسن نقوی نے ہسپتال میں طبی سہولتوں کا جائزہ لیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اوران کی خیریت دریافت کی،محسن نقوی نے مریضوں اور تیمارداروں سے طبی سہولتوں کے بارے میں استفسار کیا اور ڈیوٹی ڈاکٹر اورسٹاف کو مریضوں کے علاج معالجے کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں، نگران وزیراعلی نے ہسپتال کی ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کا ریکارڈ بھی چیک کیا،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہاہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولتوں کو بہتر بنانے کے لئے دن رات کام کیا جارہا ہے، ہیلتھ کیئر کی سہولتوں میں بہتری کے لئے پوری ٹیم کو متحرک کردیا ہے، سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں بھی ہیلتھ کیئرکی معیاری سہولتیں فراہم کرنے کیلئے تمام ضروری ا قدامات اٹھائے جائیں گے،قبل ازیںنگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں سٹیٹ آف دی آرٹ مہمان خانہ (سرائے)کی تعمیر کا حکم دے دیا،محسن نقوی نے پی آئی سی کا دورہ کیا اور مریضوں کے تیمارداروں کیلئے نئے مہمان خانے کی سائٹ کا معائنہ کیا، وزیراعلی نے نئی سرائے کی تعمیر جلد سے جلد شروع کرنے کی ہدایت کی،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نئی سرائے میں تیمارداروں کے لئے ہر طرح کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے، نئی سرائے کو سٹیٹ آف دی آرٹ ہونا چاہئے، یہ نیک کام ہے اس میں تاخیرنہیں ہونی چاہیے،اس موقع پر خصوصی دعا بھی کی گئی، صوبائی وزیر صنعت ایس ایم تنویر،معروف بزنس مین گوہر اعجاز،چیف سیکرٹری، انسپکٹرجنرل پولیس، سی سی پی او لاہور، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ،چیئرمین پی آئی سی ڈاکٹرفرقد، پرنسپل پی آئی سی ڈاکٹر احمد نعمان اور ڈاکٹر عامر بندیشہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔