عازمین حج کی وطن واپسی شروع،ایئرپورٹ پر شاندار استقبال،پھول نچھاور

لاہور، کراچی(سٹاف رپورٹر،بیورورپورٹ،)قومی ایئرلائن پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن شروع ،عازمین کا ایئرپورٹ پر شاندار استقبال،پھول نچھاور،بعد از حج آپریشن کے تحت پی آئی اے کی پہلی پرواز حجاج کو لیکر جدہ سے روانہ ہو کر لاہور پہنچی جبکہ ایک اور پرواز اسکے کچھ ہی دیر بعد کراچی پہنچی، پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کا بعد از حج آپریشن 2 اگست تک جاری رہے گا،ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کے بعد از حج آپریشن کے تحت پہلی پرواز نے لاہور ایئرپورٹ پر اتوار کی سہ پہر 3 بجکر 37 منٹ پر لینڈ کیا،دوسری جانب پی آئی اے کی پرواز پی کے 832 جدہ سے سہ پہر 4 بجے کراچی ایئرپورٹ پہنچی، خیال رہے پی آئی اے 268 پروازوں کے ذریعے 61 ہزار 467 حجاج کو لے کر سعودی عرب سے پاکستان پہنچائے گی،ترجمان پی آئی اے کے مطابق 41 ہزار سرکاری سکیم کے حجاج اور 19 ہزار پرائیوٹ اسکیم کے حجاج کو لےکر پی آئی اے کی پروازیں پاکستان آئیں گی، اس سے قبل پی آئی اے کے قبل از حج آپریشن کا آغاز 21 مئی سے ہوا تھا جو 22 جون تک جاری رہا تھا،پی آئی اے حجاج کو سعودی عرب سے کراچی، اسلام آباد، لاہور، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ اور پشاور ایئرپورٹس پہنچائے گی، سکھر، رحیم یار خان اور کوئٹہ ایئرپورٹس پر بھی حجاج کو لایا جائے گا۔