ریسکیو سٹاف عید پر کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نبٹنے کیلئے تیار رہے :ڈاکٹر رضوان نصیر

لاہور (کرائم رپورٹر) سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر نے عید الاضحی کی تعطیلات کے دوران پنجاب میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلئے فوری اقدامات کو یقینی بنانے کےلئے ریسکیوایمرجنسی انتظامات کو حتمی شکل دی۔ انہوں نے تمام ضلعی ایمرجنسی افسران کو ہدایت کی کہ وہ پنجاب بھر میںایمبولینس، ریسکیو اور فائر سروسز کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کےلئے فول پروف انتظامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے تمام ضلعی ایمرجنسی افسران کو مزید ہدایت کی کہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی صورت میں ایمرجنسی متاثرین کے بہتر انتظام کےلئے ضلعی وتحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کے ساتھ قریبی کوآرڈینیشن برقرار رکھا جائے تاکہ ایمرجنسی میں متاثرین کو فوری اور بہتر طبی امداد مل سکے۔اس سلسلے میں وہ عید الاضحی کی تعطیلات کے دوران ایمرجنسی کور فراہم کرنے کے انتظامات کا جائزہ لینے کےلئے تمام ضلعی ایمرجنسی افسران کےساتھ ویڈیولنک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں تمام ضلعی ایمرجنسی افسران کے علاوہ ایمرجنسی سروسزڈیپارٹمنٹ واکیڈمی کے تمام شعبہ جات کے سربراہان بھی شریک تھے۔صوبائی مانیٹرنگ آفیسر نے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کو بریفنگ دی کہ صوبے میں ایمرجنسی کی صورت میں بروقت اورفوری ریسکیو سروسز فراہم کرنے کےلئے عید کے دوران تقریباً 15000 ریسکیورزڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ اس سلسلے میںپہلے سے موجود ریسکیو اسٹیشنزکے علاوہ پنجاب بھر میں قائم 1304کی پوائنٹس پر بھی تین شفٹوں میںریسکیورز تعینات کئے جائےں گے۔پنجاب کے تمام اضلاع میں موٹر بائیک ریسکیو سروس کے 652 کلیدی پوائنٹس، 492 ایمرجنسی ایمبولینسز، 125 فائر وہیکلز اور 35 ریسکیو گاڑیاں تعینات کی جائیں گی۔ اسی طرح 431 سپیشلائزڈ ریسکیو ٹیمیں بھی عید کی نماز کے بڑے اجتماعات پر تعینات کی جائیں گی تاکہ پنجاب بھر میں شہریوں کو زیادہ سے زیادہ میڈیکل وایمرجنسی کور فراہم کیا جا سکے۔ ایمرجنسی سروسز ہیڈ کوارٹرز میں صوبائی مانیٹرنگ سیل اور پیشنٹ ٹرانسفر سروسز سیل 24 گھنٹے فعال رہے گا تاکہ ضلعی ایمرجنسی پلانز کامانیٹرنگ کے ذریعے مو¿ثر نفاذ یقینی بنایا جا سکے۔ضلعی ایمرجنسی افسران نے سیکرٹری کو بریفنگ دی کہ عید الاضحی کے ایمرجنسی پلانز بشمول عید کی تعطیلات کے دوران ہنگامی حالات سے نمٹنے کےلئے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کی مشاورت سے اپنے متعلقہ اضلاع میں حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں عید کی تعطیلات کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے پہ بروقت رسپانس اور مدد کیلئے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ میٹنگز میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ایمرجنسی رسپانس اور مینجمنٹ پلانز تیار کیے گئے ہیں۔اس موقع پر ڈاکٹر رضوان نصیر نے تمام شہریوں سے گزارش کی کہ وہ اپنے آبائی علاقوں میں جاتے ہوئے گاڑی احتیاط سے چلائیں اورزیادہ کھانے سے گریز کریں تاکہ دم گھٹنے، فوڈ پوائزننگ اور گیسٹرو کی ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے۔ انہوں نے شہریوں سے مزید درخواست کی کہ وہ گرم موسم میں تفریحی مقامات جیسے دریاﺅں نہروں وغیرہ پر جاتے وقت بہت محتاط رہیں۔ انہوں نے نوجوان موٹر سائیکل سواروں سے اپیل کی کہ وہ وہیلنگ جیسے خطرناک اسٹنٹ کرنے سے گریز کریں۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ بجلی کے کھمبوں، گیلی تاروں، سوئچ اور دروازے کی گھنٹیوں کو چھونے سے گریز کریں۔ ڈاکٹررضوان نصیر نے خاص طور پر پری مون سون سپیل میںہونے والی بارشوں کے پیش نظر سیفٹی کی اہمیت پر زور دیا۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے محکمہ کی جانب سے پنجاب کے تمام شہریوں کو محفوظ اور پیشگی عید کی مبارکباد بھی دی۔