اسلام آباد (بیورورپورٹ) فوجی عدالتوں میں آرمی ایکٹ کے تحت عام شہریوں کے مقدمات چلانے کےخلاف دائر درخواستوں پر سماعت کے دوران وفاقی حکومت نے بنچ پر اعتراض اٹھا دیا جس کے بعد کیس کی سماعت کرنے والا 7 رکنی بنچ بھی ٹوٹ گیا اور 6 رکنی بنچ نے سماعت کا سلسلہ آگے بڑھایا، چیف جسٹس عمر عطا ءبندیال نے دوران سماعت ریمارکس دیتے ہوئے کہا21 ویں آئینی ترمیم کا فیصلہ دیکھیں، مسلح افواج پر ہتھیار اٹھانے والوں پر آرمی ایکٹ کے نفاذ کا ذکر ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی، سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ، معروف قانون دان اعتزاز احسن اور سول سائٹی کی جانب سے عام شہریوں کے مقدمات آرمی ایکٹ کے تحت فوجی عدالتوں میں چلانے کے خلاف درخواستوں پر چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تشکیل دئیے گئے 9 رکنی بنچ نے سماعت کا آغاز کیا۔
دوران سماعت جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس سردار طارق مسعود کے اعتراضات کے بعد 9 رکنی لارجر بنچ ٹوٹ گیا جس کے بعد 7 رکنی بنچ نے سماعت کا دوبارہ آغاز کیا ،درخواستوں پر سماعت کے آغاز پر اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان روسٹرم پر آئے اور وفاقی حکومت کی جانب سے جسٹس منصور علی شاہ پر اعتراض اٹھایا۔
، جسٹس منصور علی شاہ کے 7 رکنی بنچ سے علیحدہ ہونے کے بعد سپریم کورٹ کے 6 رکنی بنچ نے سماعت کی،6 رکنی لارجر بنچ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے علاوہ جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس سید مظاہر علی اکبر اور جسٹس عائشہ ملک پر مشتمل ہے،سماعت کے آغاز پر چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل حامد خان روسٹرم پر آئے اور عدالت سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا ہماری درخواست پر نمبر نہیں لگا، چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے اس معاملے پر بعد میں آئیں گے، ابھی ہم ایک سیٹ بیک سے ریکور کر کے آرہے ہیں۔
چیف جسٹس نے حامد خان سے مکالمہ کرتے ہوئے ریمارکس دئیے یہاں دلائل کے بجائے دیگر حربے آزمائے جا رہے ہیں، آپ نے درخواست میں بھی مختلف استدعائیں کر رکھی ہیں،حامد خان نے کہا میں ان میں سے صرف ملٹری کورٹ والی استدعا پر فوکس کروں گا، چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے معاملے کو بعد میں دیکھیں گے،دریں اثنا درخواست گزار جنید رزاق کے وکیل سلمان اکرم راجا نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا میرے موکل کے بیٹے کا معاملہ ملٹری کورٹس میں ہے، ٹرائل صرف آرٹیکل 175 کے تحت تعینات کیا گیا جج کر سکتا ہے، ایف پی ایل ای کیس کا جب فیصلہ ہوا تب اختیارات کی تقسیم کا اصول واضح نہیں تھا،جسٹس عائشہ ملک نے استفسار کیا ایف پی ایل ای کے ساتھ اس کیس سے کیسے متعلقہ ہے؟ اپنے پہلے دن کے سوال پر جاﺅں گی آرمی ایکٹ کے سیکشن 2 ڈی کا اطلاق کس پر ہوتا ہے؟۔
جسٹس منیب اختر نے استفسار کیا کیا افواج کے افسران کا بھی ملٹری کورٹس میں کورٹ مارشل نہیں ہو سکتا؟ سلمان اکرم راجا نے کہا برطانیہ اور امریکا میں مخصوص حالات میں فوجی افسران کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل ہوتے ہیں،جسٹس عائشہ ملک نے ریمارکس دئیے ایف پی ایل ای کیس تو ریٹائرڈ آرمی آفیشلز کے ٹرائل پر تھا،جسٹس منیب اختر نے استفسار کیا کیا آپ یہ کہہ رہے ہیں ایک آرمی آفیسر کا بھی ملٹری کوٹس میں ٹرائل یا کورٹ مارشل نہیں ہو سکتا؟ سلمان اکرم راجا نے کہا اگر کسی عدالت میں ٹرائل سے میرے آئینی حقوق متاثر نہیں ہوتے تو پھر خصوصی عدالت میں کیس چل سکتا ہے، بینکنگ کورٹ یا اے ٹی سی جیسی خصوصی عدالتوں میں آئینی حقوق متاثر نہیں ہوتے۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کیا ابھی کسی کا ٹرائل شروع ہوا؟ سلمان اکرم راجہ نے جواب دیا ابھی کسی کا ٹرائل شروع نہیں ہوا،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے آپ پھر مفروضوں پر بات نہ کریں ٹرائل ہو گا تو یوں ہوگا، ایسے تو کل ملٹری افسران کے ٹرائل پر بھی بات کی جائےگی، ہمارے پاس آج آخری ورکنگ ڈے ہے، متعلقہ بات ہی کریں،چیف جسٹس نے استفسار کیا آپ آرٹیکل 175 کی شق 3 کو بنیادی انسانی حقوق سے کیسے جوڑ رہے ہیں؟، اس کا اطلاق تو پھر فوجی عدالتوں پر بھی ہوگا، 175 کی شق 3 کا یہاں کیا تعلق ہے؟سلمان اکرم راجا نے جواب دیا آرٹیکل 175 کی شق 3 شفاف ٹرائل کی دی گئی ضمانتوں کے آرٹیکل 9 اور 10 کے ذریعے مو¿ثر ہوتا ہے، کسی شخص کو شفاف ٹرائل کے حق سے محروم نہیں کیا جاسکتا،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے ہمیں کوئی عدالتی نظیر دکھا دیں، 175 کیسے ملٹری ایکٹ سے منسلک ہے، ایک گھڑی ہے جسے گرینڈ کومپلیکیشن (Grand Complication)کہتے ہیں، آپ گرینڈ کومپلکیشن نہ بنائیں، آپ اپنے دلائل مختصر اور صرف کیس سے متعلق دیں۔
جسٹس عائشہ ملک نے ریمارکس دئیے ایف بی ایل ای کیس میں تو ریٹائرڈ فوجیوں کی فوج کے اندر تعلق کا معاملہ تھا، جو اس سے مطابقت نہیں رکھتا، کیا سویلین کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل ہوسکتا ہے یا نہیں؟ آپ آرمی ایکٹ کی شقیں چیلنج کر رہے ہیں لیکن وجوہات نہیں بتا رہے،سلمان اکرم راجا نے جواب دیا سپریم کورٹ ایک کیس میں یہ اصول طے کر چکی ہے جوڈیشل امور جوڈیشری ہی چلا سکتی ہے،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے فوجی عدالتوں سے متعلق متعدد فیصلے موجود ہیں، آپ جو بات کر رہے ہیں وہ فوجیوں کے حق میں جاتی ہے، ہم بہت سادہ لوگ ہیں، ہمیں سادہ الفاظ میں بتائیں، جو باتیں یہاں کرر ہے ہیں ہارورڈ یونیورسٹی میں جا کر کریں۔
سلمان اکرام راجہ نے کہا آرٹیکل 175 تھری کے تحت جوڈیشل اختیارات کوئی اور استعمال نہیں کر سکتا، میں ملٹری کورٹس میں سویلین کے ٹرائل کی حد تک ہی بات کر رہا ہوں،چیف جسٹس نے استفسار کیا تو ہمیں یہ ہی بتائیں کیا سویلین کو بنیادی حقوق سے محروم کیا جا سکتا ہے؟ سلمان اکرا راجا نے جواب دیا کسی پر الزام لگا کر فیئر ٹرائل سے محروم نہیں کیا جا سکتا، سویلینز کی 2 اقسام ہیں، ایک وہ سویلین ہیں جو آرمڈ فورسز کو کوئی سروسز فراہم کرتے ہیں، فورسز کو سروسز فراہم کرنےوالے سویلین ملٹری ڈسپلن کے پابند ہیں، دوسرے سویلینز وہ ہیں جن کا فورسز سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں، جو مکمل طور پر سویلینز ہیں ان کا ٹرائل 175/3 کے تحت تعینات جج ہی کرےگا۔
جسٹس عائشہ ملک نے استفسار کیا ملٹری کورٹس کو کیسے کہیں وہ عدالتیں نہیں ہیں؟ سلمان اکرم راجا نے کہا ایسی کئی عدالتیں اور ٹریبونل ہیں جن کا آرٹیکل 175/3 سے تعلق نہیں،چیف جسٹس نے استفسار کیا کیا ملٹری کورٹس کے فیصلے چیلنج نہیں ہو سکتے؟ سلمان اکرم راجا نے جواب دیا آرمی چیف کے سامنے یا ان کی بنائی کمیٹی کے سامنے چیلنج ہو سکتے ہیں،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے آپ یہ کہہ سکتے ہیں ان کورٹس میں اپیل کا دائرہ وسیع ہو، یہ کہنا ملٹری کورٹس ڈسٹرکٹ کورٹ کی طرح ہو تو کیس کا دائرہ کار وسیع کر دے گا، ہم آسٹریلیا یا جرمنی کی مثالوں پر نہیں چل سکتے،جسٹس مظاہر نقوی نے استفسار کیا آپ کہہ رہے ہیں ملٹری کورٹ ایک متوازی نظام ہے،جیسے عدالت نہیں کہہ سکتے؟ ۔
سلمان اکرام راجہ نے جواب دیا جی میں یہ ہی کہہ رہا ہوں کیونکہ وہاں سویلین کو بنیادی حقوق نہیں ملتے، آرمی ایکٹ کے تحت ملٹری کورٹس میں ڈسپلن کی خلاف ورزی پر ٹرائل ہوتا ہے، سویلین کا ملٹری کورٹ میں ٹرائل ڈسپلن کی خلاف ورزی کا معاملہ نہیں ہے، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے یہ ایک اچھا پوائنٹ ہے،جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا آپ سویلین کی حد تک ہی ٹرائل چیلنج کر رہے ہیں نا؟ آپ آرمی آفیشل کے ٹرائل تو چیلنج نہیں کر رہے؟ سلمان اکرم راجہ نے جواب دیا نہیں میں آرمی آفیشلز کے ٹرائل چیلنج نہیں کر رہا،چیف جسٹس نے استفسار کیا امریکی قانون ان عام شہریوں کے بارے میں کیا کہتا ہے جو ریاست کے خلاف ڈٹ جائیں؟ سلمان اکرم راجہ نے جواب دیا امریکہ میں عام شہریوں کی غیر ریاستی سرگرمیوں پر بھی ٹرائل سول عدالتوں میں ہی ہوتا ہے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے فیصل صدیقی ایڈوکیٹ نے کہا تھا دنیا میں ملٹری کورٹس میں سویلین کا ٹرائل ہوتا ہے،جسٹس عائشہ ملک نے استفسار کیا کیا ہمارے خطے میں سویلین کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل ہوتا ہے؟ سلمان اکرم راجہ نے جواب دیا بھارت میں ایسا نہیں ہوتا،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے 21 ویں آئینی ترمیم کا فیصلہ دیکھیں، مسلح افواج پر ہتھیار اٹھانے والوں پر آرمی ایکٹ کے نفاذ کا ذکر ہے۔
دریں اثنا عدالت نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف درخواستوں پر جاری سماعت میں سوا 2 بجے تک وقفہ کر دیا،سویلین کے فوجی ٹرائل سے متعلق کیس کی سماعت وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہو ئی تو جنید رزاق کے وکیل سلمان اکرم راجا نے دلائل دیئے ،وکیل سلمان اکرم راجا نے دلائل دیتے ہوئے کہا آرمی ایکٹ کے سیکشن 2 ڈی کو اس لیے چیلنج کیا اس کے تحت سویلین کا ٹرائل نہیں ہو سکتا، میرے مو¿کل جنید رزاق کو اٹھا لیا گیا،وکیل سلمان نے کہا جنید رزاق کے بیٹے ارزم رزاق کو ایک الزام لگا کر اٹھایا گیا۔
اعتزار احسن کی درخواست میں فریق بنائے گئے چیئرمین پی ٹی کے وکیل عزیز بھنڈاری نے دلائل دیئے،وکیل چیئرمین پی ٹی آئی عزیر بھنڈاری نے کہا ہم تمام درخواست گزاروں کو سپورٹ کرتے ہیں، ہم چاہتے ہیں اوپن ٹرائل ہو، اگر کوئی قصور وار ہے تو اسے سزا ملنی چاہیے،انہوںنے کہا9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے جس پر چیف جسٹس نے کہا سیاسی مقاصد کے اہداف اور خواہشات کے حصول کی بات نہ کریں،چیف جسٹس نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کو ہدایت کی آپ صرف قانون کی بات کریں،وکیل عزیر بھنڈاری نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی چاہتے ہیں کھلی عدالت میں ٹرائل ہو۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے امید ہے کیس کی سماعت کے دوران کسی سویلین کا ملٹری ٹرائل نہیں کیا جائےگا، جو افراد گرفتار کیے گئے ان کی مکمل تفصیلات بھی فراہم کریں،چیف جسٹس پاکستان نے کہا 102 زیر حراست افراد کو اہل خانہ سے ملنے کی اجازت دی جائےگی،چیف جسٹس نے کہا زیر حراست افراد کے کھانے کی بھی شکایت آئی ہیں، زیر حراست افراد کو ریڈنگ میٹریل بھی فراہم کرنے کی اجازت ہونی چاہیے،چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے مکالمہ کیا خاندان کو کیوں قیدی بنایا گیا ہے، چیف جسٹس نے استفسار کیا درخواست گزار جنید رزاق کی فیملی کب سے قید میں ہے؟سلمان اکرم راجا نے کہا 9 مئی سے ارم رزاق و دیگر کا کچھ پتہ نہیں چل رہا۔
جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا اتنے دن گزر گئے ابھی تک کچھ پتہ نہیں، اٹارنی جنرل آپ اس معاملے کو دیکھیں، ان کو خاندان سے ملنے کی اجازت دیں،چیف جسٹس نے کہا یہ شکایت کس کی جانب سے تھی، خاندانوں کو کیوں اٹھایا ہے؟ مجھے توقع ہے عدالتی کارروائی مکمل ہونے تک کوئی ملٹری ٹرائل نہیں ہوگا،چیف جسٹس نے کہا کسی کو کوئی شکایت ہے تو نام بتادیں میں متعلقہ حکام سے بات کرنے کی کوشش کروں گا،وکیل لطیف خان کھوسہ نے بتایا وکیلوں تک رسائی بھی نہیں دی جارہی، نہ خاندان کو ملنے دیا جا رہا ہے،اٹارنی جنرل نے کہا مجھے نام بتا دیں تو میں آگے بات کروں گا، چیف جسٹس نے کہا اٹارنی جنرل ذاتی طور پر اس معاملے کو دیکھیں،بعد ازاں عدالت نے سماعت منگل کی صبح ساڑھے 9 بجے تک ملتوی کردی۔
توقع ہے سماعت مکمل ہونے تک فوجی عدالتیں ٹرائل شروع نہیں کریں گی، چیف جسٹس
















