سپریم کورٹ فرد واحد کی مرضی سے نہیں چل سکتی‘جسٹس قاضی فائز عیسیٰ،نوٹ ویب سائٹ سے ہٹادیا گیا

اسلام آباد(بیورورپورٹ) جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا ایک اور نوٹ ویب سائٹ سے ہٹادیا گیا،سویلینز کے ملٹری ٹرائل کےخلاف درخواستوں پر 9 رکنی لارجر بنچ کے معاملے پر سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا نوٹ عدالت کی ویب سائٹ پر لگنے کے کچھ دیر بعد ہی ہٹا یا گیا۔

30 صفحات پر مشتمل اپنے نوٹ میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے 9رکنی بنچ پر اعتراضات اٹھائے ،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے نوٹ میں لکھا جب سے میری تعیناتی عدالت عظمیٰ میں ہوئی تب سے آج تک کبھی کسی مقدمے کی سماعت سے گریز نہیں کیا نہ کبھی رجسٹرار آفس کو کسی نوعیت کا مقدمہ لگانے یا نہ لگانے کا کہا، ہمیشہ کوشش رہی مقدمے کے ہر فریق کو ایک نظر سے دیکھوں اور ہر فیصلہ ایک ہی پیمانے سے آئین و قانون کے مطابق کروں۔

قاضی فائز نے کہاپوری سراحت سے کہتا ہوں خود کو سویلینز کے ملٹری ٹرائل کےخلاف مقدمے سے دستبردار نہیں کر رہا، سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کی معطلی کے بعد سے عدالت میں نہیں بیٹھا اب اگر میں مقدمات سنوں تو میں اپنے آئینی و قانونی مو¿قف کی خلاف ورزی کروں گا،چیف جسٹس نے میرے مو¿قف کی تردید نہیں کی بلکہ حضور نے تو جواب دینا بھی گوارہ نہیں کیا، مجھے ادراک ہے چیف جسٹس نے اپنے ساتھیوں کو بلا وجہ غیر ضروری کشمکش میں الجھا یا ،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اپنے نوٹ میں کہا مجھ ناچیز کی رائے میں عدالت عظمیٰ کے سربراہ کو ایسا نہیں کرنا چاہیے، عدالت عظمیٰ جیسا آئینی ادارہ فرد واحد کی مرضی سے نہیں چل سکتا، سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کا اطلاق چیف جسٹس اور 2 سینئر ججز پر ہوتا ہے۔

نامزد چیف جسٹس نے کہاجسٹس طارق مسعود نے بھی شروع میں کسی بنچ میں بیٹھنے سے کنارہ کشی اختیار کی، جسٹس طارق مسعود کے مو¿قف کا احترام کرتا ہوں اسی طرح وہ میرے مو¿قف کا احترام کرتے ہیں، سینئر ترین جج کی حیثیت میں سمت کو درست رکھنا میرا فریضہ ہے،نامز د چیف جسٹس نے مزید کہاججز کا گلدستہ اپنی مہک سے فضا کو معطر رکھے گا، کسی کو شک نہ ہو مخصوص فیصلے کےلئے خصوصی بنچ تشکیل دیا گیا، مجھ سے چیف جسٹس نے 16 مئی کو اچانک تحریری طور پر دریافت کیا میں کب تک چیمبر ورک کرنا چاہتا ہوں۔

چیف جسٹس کو 17مئی کو 5 صفحات پر مشتمل جواب ارسال کیا، چیف جسٹس کو جواب میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کا ایک بار پھر حوالہ دیا، نشاندہی کی مقدمات کی سماعت کےلئے بنچ کی تشکیل چیف جسٹس اور 2 سینئر ججز پر مشتمل کمیٹی کرے گی، قانون پر عمل نہیں کیا گیا کیونکہ عدالت عظمیٰ نے قانون کو جنم لینے سے پہلے ہی معطل کر دیا۔

میں نے تحریری جواب میں نشاندہی کی قانون کے خلاف درخواستیں منظور ہوں گی یا مسترد اگر درخواستیں مسترد کی جاتی ہیں تو درمیانی مدت میں عدالت کو چلانا کیاقانون کی خلاف ورزی نہیں ؟ معزز چیف جسٹس نے مجھے مخمصے میں ڈال دیا ، مخمصے سے اسی وقت نکلا جاسکتا ہے جب قانون کے خلاف درخواستوں پر فیصلہ کریں یا حکم امتناع واپس لیںجو سوال چیف جسٹس نے کیا کب تک چیمبر ورک کرنا چاہتا ہوں چیف جسٹس ہی بہتر جواب دے سکیں گے، درخواستوں کے حوالے سے خود چیف جسٹس جواب دے سکتے ہیں کب فیصلہ ہو گا، درخواستوں پر فیصلہ کیسے کریں یہ بھی چیف جسٹس کی صوابدید پر منحصر ہے، پوری قوم کی طرح میں بھی منتظر ہوں فیصلہ جلد ہو، عدالت کی کارروائی غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہو رہی ہے۔