فوری علاج مریض کا حق،سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے،محسن نقوی

لاہور (ہیلتھ رپورٹر،خبر نگار)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بینظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی کا دورہ کیا، محسن نقوی نے ہسپتال میں مریضوں کو علاج معالجے کی فراہم کردہ سہولتو ںکا جائزہ لیا ،مختلف وارڈز کا معائنہ کیا، محسن نقوی نے مریضوں ، تیمارداروں سے طبی سہولتوں کا پوچھا، مریضوں ،تیمارداروں نے علاج معالجے کی ناکافی سہولتوں پر شکایات کے انبار لگا دیئے۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کے دورے کے دوران مختلف وارڈز کے اے سی بند ،مریض ایکسرے،دیگر ٹیسٹ ،چیک اپ کیلئے کئی کئی گھنٹے انتظار میں کھڑے تھے، وارڈز میں بعض ڈیوٹی ڈاکٹرز غائب ہے ،مریض علاج معالجے کیلئے خوار ہوتے نظر آئے جبکہ ہسپتال کی راہداریوں میں سٹریچر پر مریضوں کا علاج کیا جا رہا تھا، مریضوں ،تیمارداروں نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو بتایا عملے کی مٹھی گرم کرنے پر فوری ہر کام ہو جاتا ہے، ہسپتال میں ادویات کی قلت ہے ،باہر سے ادویات منگوانے پر مجبور ہیں۔

محسن نقوی نے ہسپتال میں علاج معالجے کی خراب صورتحال پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا، ایم ایس ،ہسپتال انتظامیہ کی سرزنش کی اور ڈاکٹرز ، عملے کے مریضوں کے ساتھ روئیے پر برہمی کا اظہار کیا،نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا جس ہسپتال جاتا ہوں،یہی حالات نظر آتے ہیں،معیاری و فوری طبی سہولتیں ملنا مریض کا حق ہے، انہوں نے ہدایت کی ہسپتال میں علاج معالجے کی معیاری سہولتوں کی فراہمی یقینی اور صورتحال کو بہتر بنایا جائے۔

دریں اثنانگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس ہوا ،لاہور کے زیر تکمیل ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا،نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سمن آباد پراجیکٹ چند روز میں مکمل کرنے کا حکم دیا اور ڈویلپمنٹ پراجیکٹس میں تاخیر کے اسباب فوری دور کرنے کی ہدایت کردی، نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی سمن آباد پراجیکٹ کو عوام کی سہولت کیلئے جلد ازجلد فنکشنل کیا جائے ، عوام کو درپیش ٹریفک کے مسائل کے پیش نظر شاہدرہ پراجیکٹ کو جلد ازجلد مکمل کرنے کیلئے تمام تر اقدامات کئے جائیں۔