اسلام آباد (مشرق نیوز) یونان کشتی حادثہ کیس میں ایف آئی اے نے 126 لاپتہ نوجوانوں کے خاندانوں کے ڈی این اے سیمپلز حاصل کر لئے۔ ایف آئی اے گجرات سرکل میں 52 متاثرین کے لواحقین کی جانب سے سیمپل جمع کروائے گئے۔ گوجرانوالہ سرکل میں 46 متاثرہ خاندانوں کی جانب سے ڈی این اے سیمپلز دیے گئے۔ کوٹلی آزادکشمیر کے 28افراد کے لواحقین کے بھی خون کے نمونہ جات حاصل کرلئے گئے۔ حادثے میں جاں بحق ہونےوالوں کی شناخت کےلئے ڈی این اے سیمپلز حاصل کئے گئے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف کو یونان کے قریب بحیرہ روم میں کشتی الٹنے کے واقعہ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شہباز شریف نے واقعہ کے ذمہ داران کو جلد کیفرکردار تک پہنچانے کی ہدایت جاری کر دیں۔ وزیراعظم نے اظہارِ برہمی کیا کہ انسانی اسمگلروں کی کارروائیاں بروقت کیوں نہ روکی گئیں؟ متاثرہ لوگوں کا جن ضلعوں سے تعلق ہے وہاں کی انتظامیہ نے ملوث سمگلروں اور ایجنٹوں کی کاروائیوں کا بروقت نوٹس کیونکر نہ لیا؟ وزیراعظم نے تحقیقاتی کمیٹی کو کارروائی مکمل کرکے واقعہ کی جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
یونان کشتی حادثہ، ذمہ داروں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے: وزیراعظم
















