اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پاکستان، چین کے درمیان چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کی تعمیر کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردئیے گئے۔ تقریب میں وزیراعظم کی موجودگی میں چین کی نیشنل نیوکلیئر کارپوریشن اور پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے دستخط کئے۔ وفاقی وزرا سینیٹر اسحاق ڈار، احسن اقبال، خرم دستگیر اور چینی حکام بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود معاشی بحالی کےلئے پرعزم ہےں، آئی ایم ایف شرائط پوری کرنے کے باوجود معاہدے میں غیرمعمولی تاخیر ہورہی ہے مگر چین ایک بار پھر ریسکیو کیلئے سامنے آیا، حالیہ ہفتوں اور مہینوں میں پاکستان کی بے مثال مالی مدد کی، سعودیہ اور بھی قطر مدد کررہے ہیں، چین کی جانب سے 3 ارب 48 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری مثبت اقدام ہے، چشمہ فائیو منصوبہ سول و فوجی قیادت کے ایک صفحے پر ہونے کا ثبوت ہے، چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ سے پاک چین معاشی تعلقات کو فروغ ملے گا، قوم کو معاہدے پرمبارکباد پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم نے کہا1200 میگاواٹ کا چشمہ فائیو نیوکلیئر پاور پلانٹ معاہدہ پاک، چین دوستی میں ایک اور سنگ میل ہے، منصوبہ نوازشریف کے دور میں لگانے کا اصولی فیصلہ ہوا، شرائط طے ہوگئی تھیں، پی ٹی آئی حکومت نے سرد خانے میں ڈال دیا، اب منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کےلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے، منصوبے پر لاگت 2017 کی ہی رکھی گئی، 30 ارب کی بچت ہوگی، توقع ہے بغیر کسی تاخیرکے منصوبے کو آگے بڑھائیں گے۔
شہبازشریف نے کہا مشکل معاشی صورتحال میں چین کی جانب سے 3.48 بلین ڈالرمنصوبے میں سرمایہ کاری واضح پیغام کہ پاکستان ایسا مقام ہے جہاں چینی کمپنیاں و سرمایہ کار تسلسل کےساتھ پاکستان پر اعتماد کا اظہار کررہے ہیں، عکاس ہے دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری، شہد سے میٹھی اور فولاد سے مضبوط ہے، چینی صدرشی جن پنگ نے دوستی کو آئرن برادرز کا نام دیا، دوستی اس ضرب المثل کی عمدہ مثال ہے ”دوست وہ جو مشکل میں کام آئے“ دوستوں کی مدد اور معاونت کو کبھی نہیں بھولیں گے۔
دریں اثنا وزیراعظم شہبازشریف نے مارگلہ ایونیو منصوبے کا افتتاح کردیا، 10.4 کلومیٹر شاہراہ جی ٹی روڈ سے اسلام آباد آنے والوں کو متبادل راستہ فراہم کرےگی، شاہراہ سنگجانی سے ڈی 12 تک ہوگی، منصوبے پر 2 ارب 69 کروڑ 91 لاکھ لاگت آئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ایک سال طوفانی سال رہا، پاکستان کو ڈی ریل اور غیرمستحکم کرنے کیلئے سیاسی ہلچل مچائی گئی، سازشیں کی گئیں، امریکہ نواز حکومت کا الزام لگایا گیا، 9 مئی کو سازش، ملک دشمنی انتہاﺅں کو چھو گئی، بڑی ہلچل مچائی گئی پاکستان کو ڈی ریل کیا جائے وہ کام ہوا جو دشمن بھی نہیں سوچ سکتا تھا، پی ٹی آئی حکومت میں ملک کی ہر چیز زمین بوس ہوگئی تھی، چیئرمین پی ٹی آئی نے سی پیک منصوبوں پر شکریہ ادا کرنے کی بجائے چین کی بے توقیری کی، کمیشن کھانے کا الزام لگا کر مجھے بھی 4 سال عدالتوں میں گھمایا، ثبوت تھے تو سامنے لے آتے، خدا کا شکر ہے دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوگیا۔
شہبازشریف نے کہا خطاکار انسان ہوں، حوصلہ افزائی، ہمت افزائی کرنے پر رانا ثنا کا شکر گزار ہوں، پاکستان ضرور قائد کا پاکستان بنے گا، اگر اختلافات، سازشیں ختم کر کے قوم کی طرح آگے بڑھنے کا وعدہ کریں تو جس سفر میں بہت پیچھے رہ گئے جلد آگے نکل جائیں گے ۔
وزیراعظم نے پاکستان سویٹ ہومز کو حکومت کی جانب سے ٹرانسپورٹ وینز کا عطیہ کیا۔ وزیراعظم نے ٹرانسپورٹ وینز کی چابیاں پاکستان سویٹ ہومز کے چیئرپرسن زمرد خان کے حوالے کیں۔ وزیراعظم کی جانب سے پاکستان سویٹ ہومز کو 4 گاڑیاں عطیہ کی گئیں، مالیت 6 کروڑ 20 لاکھ روپے ہے۔ وزیراعظم نے وینز میں طالبات کےساتھ بیٹھ کر گفتگو بھی کی۔
شہبازشریف نے پاکستان سویٹ ہومز کیڈٹ کالج میں زیرتعلیم بچوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محنت سے تعلیم حاصل کریں، قوم کے عظیم معمار بنیں، آپ پاکستان کا مستقبل ہیں، پاکستان کوصحیح معنوں میں قائد کا پاکستان بنانا ہے، اس موقع پر بچوں کی خوشی دیدنی تھی، بچوں نے پاکستان ،وزیراعظم زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
دریں اثنا پولیس لائنز میں 100 بستروں کے ہسپتال، شہداءماڈل کالج اور ایس پی یو اینڈ ڈولفن ہیڈکوارٹرز کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے اسلام آباد پولیس کی کارکردگی اور فرض کی ادائیگی کیلئے قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا اسلام آباد پولیس کی کارکردگی میں مزید اضافہ کیلئے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی، پولیس لائنز میں ہسپتال کی تعمیر سے پولیس کے جوانوں ،خاندانوں کو مفت علاج کی سہولت میسر آئےگی، شہداءکالج کی تعمیر سے پولیس جوانوں کے بچوں کو بے پناہ فائدہ ہوگا، پولیس اہلکاروں کیلئے لا اینڈ آرڈر الاﺅنس پر یکم جولائی سے عملدرآمد شروع ہوگا، ڈولفن پولیس کے قیام کیلئے جامع پروگرام وضع کیا جائےگا اور ترکیہ کے تعاون سے تربیت فراہم کی جائےگی، سفارش، رشوت اور برادری ازم سے ملک کا بے پناہ نقصان ہوا، معیار قابلیت اور میرٹ ہے۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے سندھ کے سیلاب متاثرین کیلئے وفاقی بجٹ میں الگ بجٹ مختص کرنے کا معاملہ اٹھایا، متاثرین کیلئے ملنے والی عالمی امداد سے بھی سندھ کے سیلاب متاثرین کیلئے رقم مختص کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا سندھ حکومت نے سیلاب متاثرین کیلئے 25 ارب روپے رکھے ہیں، وفاق بھی 25 ارب روپے مختص کرے، وزیراعظم شہبازشریف نے وزیراعلیٰ کو وفاقی حکومت کی جانب سے 25 ارب بجٹ میں مختص کرنے کی یقین دہانی کرادی۔
دیر سے کھانے اور سونے والے افراد میں میٹابولک بیماریوں کا خطرہ
پشاور: متنی میں سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 3 دہشت گرد ہلاک
مسلسل خراب پرفارمنس، صائم ایوب کا کرکٹ سے بریک لینے کا فیصلہ
ایشوریا رائے کو سلمان خان سے بچانے کیلئے باڈی گارڈ رکھا گیا تھا، انکشاف
وزیراعظم شہبازشریف 30 نومبر سے روس اور ایران کا سرکاری دورہ کریں گے
فرانس میں مسلسل چھٹے ہفتے مہنگائی کیخلاف احتجاج، ہزاروں افراد بدستور سڑکوں پر
نئے صوبوں پر ریفرنڈم ہی واحد حل ، معاملہ عوام کے حوالے کیا جائے: رانا ثناءاللہ
خیبرپختونخوا کیلئے 160 ارب روپے کا ترقیاتی پیکیج، صوبے کو 10 ارب روپے جاری
دسمبر اہم ، کراچی وفاق کو دینے کی تجویز آئی تو بھرپور حمایت کرینگے: مصطفی کمال
ایک سال کے دوران سرکاری قرضوں میں 6 ہزار 200 ارب روپے کا اضافہ
















