معاشی بحالی کا قومی پلان تیار، سول و عسکری قیادت کا استحکام میں حائل تمام رکاوٹیں ملکر دور کرنے پر اتفاق

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) معاشی بحالی کا قومی پلان تیار، سول و عسکری قیادت نے استحکام میں حائل تمام رکاوٹیں ملکر دور کرنے پر اتفاق کرلیا، غیرملکی سرمایہ کاری کے راستے میں رکاوٹیں دور کرنے کیلئے سپیشل انویسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل قائم کردی گئی۔

وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت کونسل کے پہلے اجلاس میں آرمی چیف، وزرائے اعلیٰ، وفاقی وصوبائی وزرا، اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی، فریقین نے معاشی ترقی کی راہ میں رکاوٹوں پر بریفنگ دی۔

اعلامیے کے مطابق معاشی بحالی کا قومی پلان تیار کرلیا، طویل، پریشانی کا باعث بننے والے دفتری طریقہ کار، ضابطوں میں کمی لائی جائےگی، منصوبے کے تحت وفاقی، صوبائی حکومتوں میں اشتراک عمل پیدا کیا جائےگا۔ زراعت، لائیوسٹاک، کان کنی، آئی ٹی، توانائی و زرعی پیداوار جیسے شعبوں میں پاکستان کی اصل صلاحیت سے استفادہ کیا جائےگا، تمام شعبوں کے ذریعے مقامی پیداواری صلاحیت اور دوست ممالک سے سرمایہ کاری بڑھائی جائےگی۔

اکنامک ریوائیول پلان قومی حکمت عملی سے ملک کو درپیش موجودہ معاشی مسائل و بحرانوں سے نجات دلانا، غیرملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرنا ہے، غیرملکی سرمایہ کاری کی رکاوٹیں دورکرنے کیلئے سپیشل انویسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل قائم کردی گئی، کونسل غیرملکی سرمایہ کاری میں حائل رکاوٹیں دور، ایس آئی ایف سی سرمایہ کاروں کیلئے ون ونڈو کا کردار ادا کرےگی۔

اعلامیے کے مطابق منصوبے کے تحت ایک حکومت اور اجتماعی حکومت کے تصور کو فروغ دیا جائےگا تاکہ سرمایہ کاری و کاروباری سرگرمیوں میں حائل تمام رکاوٹیں دور کی جائیں، سرمایہ کاری اور منصوبوں کیلئے بروقت فیصلہ سازی یقینی بنائی جائےگی، وقت کے واضح تعین کےساتھ منصوبوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائےگا، وفاق، صوبوں میں ہم آہنگی لائی جائےگی تاکہ ایک ہی معاملے پر دہری کوششوں کے رجحان کا خاتمہ ہو، وفاق، صوبوں کی اعلیٰ سطح شرکت تمام مشکلات کے باوجود معاشی بحالی کے قومی عزم کا واضح اظہار ہے۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ معاشی بحالی کیلئے حکومتی پلان پر عملدرآمد کی کوششوں کی پاک فوج بھرپور حمایت کرتی ہے اور پلان کو ملکی سماجی و معاشی خوشحالی اور اقوام عالم میں اپنا جائز مقام واپس حاصل کرنے کی بنیاد سمجھتی ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا حکومت کو تباہی کے دہانے پر کھڑی معیشت ملی، معیشت کو مشکل، دلیرانہ فیصلوں سے بحران سے نکال کر واپس لا رہے ہیں، ابھی بڑے چیلنجز سامنے ہیں، معاشی بحالی کیلئے برآمدات بڑھانے والی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ فیصلہ ہوا وفاق، صوبوں میں شراکت داری کا انداز اپنایا جائے، سرمایہ کاروں کو ترجیح دی جائےگی، متوقع سرمایہ کاری سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، نوجوانوں، خواتین کو روزگار ملے گا۔

شہبازشریف نے کہا توجہ نوجوانوں، خواتین کو اپنی صلاحیتوں کے بھرپور اظہار کے قابل، بااختیار بنانا ہے، ملک اورعوام کا حق ہے جنہیں معاشی ترقی و خوشحالی سے ہمکنار کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا آئیں ملکر اپنی بھرپور صلاحیتوں سے کام کرنے کا عزم کریں اور توجہ بھٹکنے نہ دیں، پاکستان، عوام کا مقدر بدل سکتے ہیں لیکن مسلسل و سخت محنت کرنا ہوگی اور سمت برقرار رکھتے ہوئے ملک و قوم کو ترقی ،خوشحالی کے راستے پر گامزن رکھنا ہوگا۔

حکومت نے دعویٰ کیا اقتصادی بحالی کا منصوبہ پاک، چین اقتصادی راہداری سے بھی بڑا منصوبہ ثابت ہوگا، دوست ممالک کو دفاعی پیداوار، زرعی، لائیوسٹاک، معدنیات، کان کنی، آئی ٹی اور توانائی کے کلیدی شعبوں میں سرمایہ کاری پر راضی کیا جائےگا، منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھانے کےلئے SIFC (Special Investment Facilitation Council) کا قیام عمل میں لایا گیا تاکہ ممکنہ سرمایہ کاروں کےلئے سنگل ونڈو انٹرفیس کے طور پر کام کیا جا سکے اور ساتھ ہی متفقہ طریقہ کار اختیار کیا جاسکے۔

منصوبوں کے انتظامی امور و ہم آہنگی میں پاک فو ج کا کلیدی کردار رہےگا، منصوبے کے تحت 4 سے 5 سالوں میں 20 لاکھ تک لوگوں کو براہ راست جبکہ ایک کروڑ نوجوانوں کو بلاواسطہ ملازمتوں کے مواقع فراہم ہوں گے، اگلے 4 سے 5 سالوں میں منصوبے سے 70 بلین ڈالر کی برآمدات 70 بلین ڈالر کی Import Substitution ہوگی، پاکستان کی فارن براہ راست سرمایہ کاری میں 100 ارب ڈالر کا اضافہ بھی ہوگا، منصوبے کے تحت اگلے 4 سے 5 سالوں میں زرمبادلہ ذخائر دریافت ہوجائینگے جو درپیش معاشی مشکلات میں کمی کا باعث بنیں گے اگر پراجیکٹ پایہ تکمیل تک پہنچ جاتا ہے تو 2035 تک تخمینے کے مطابق پاکستان ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بن سکتا ہے۔

سکیورٹی و معیشت کے مابین گہرے تعلق کو مدنظر رکھتے ہوئے پاک فوج کو پراجیکٹ کی کامیابی کےلئے مینجمنٹ، کوآرڈنیشن کی ذمہ داری دی جائےگی، پاک فوج منصوبے میں اپنی توانائیاں صرف کرےگی اور پراجیکٹ کی مضبوطی کےساتھ ملٹری کا رول بتدریج کم ہوجائےگا، نظام تمام سٹیک ہولڈرز کی نمائندگی کے ساتھ تعاون پر مبنی اورپورے حکومتی نقطہ نظر کے ذریعے اب تک کے پیچیدہ و طویل کاروباری عمل کو مختصر کردےگا، منصوبے کا مقصد وفاق اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا ہے تاکہ بروقت فیصلہ سازی، منصوبے پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنایا جاسکے۔