کراچی/ اسلام آباد/ لاہور (بیورو رپورٹ+ خبرنگار+ اپنے رپورٹر سے) وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے ٹانگیں کھینچنے کی بجائے اکنامک ایجنڈے پر اکٹھا ہونا ہوگا، پاکستان کب تک قرض لیتا رہےگا؟ قرضوں سے جان چھڑانا ہوگی، قومیں وہی کامیاب ہیں جو قرض لےکر کامیابی کےساتھ واپس کردیں، مدد کرنیوالے ممالک پر الزامات سے بڑی محسن کشی کیا ہوگی؟۔
پرائم منسٹر نیشنل انوویشن ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا نوجوانوں سے ملاقات کرکے خوشی ہوئی، موجودہ دور میں 10 لاکھ کی ویلیو بہت کم ہے، نوجوانوں نے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیت دکھائی، ملک کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے، نوجوانوں کے پاس ہُنر ضرور ہونا چاہئے، عالمی مارکیٹ میں اپنی جگہ بنائیں، وزیراعظم نے کہامختلف ادوار میں قرض لئے گئے جو بڑا بوجھ ہے، قرضوں سے جان چھڑانی چاہئے، قابل اعتماد دوستوں نے ہمیشہ بُرے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، وہ دوست بھی سمجھتے ہیں پاکستان کب تک قرضے لے گا۔
وزیراعظم نے کہالاکھوں لیپ ٹاپ میرٹ پر تقسیم کیے، لیپ ٹاپ سکیم پر الزامات کے تیر برسائے گئے مگر پرواہ نہیں کی، بچوں کو لیپ ٹاپ دے رہا تھا کلاشنکوف نہیں، بس چلے تو ہر ہونہار بچے کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ ہونا چاہیے،پاکستان کو شدید مالی چیلنجز کا سامنا ہے، میرا ایمان ہے مشکلات سے ضرور نکلیں گے، پوری قوم مضبوط ارادہ کرلے تو پھر کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی، مشکل وقت میں چین پاکستان کا بھرپور ساتھ دے رہا ہے، اپنے وسائل کو بروئے کار لانا ہوگا، قوموں کی زندگی میں ایسے چیلنجز آتے ہیں، آئیں وعدہ کریں پاکستان کی تقدیر بدلیں گے، حالات تقریروںنہیں عملی اقدامات سے بہتر ہوں گے۔
شہباز شریف نے کہا پاکستان بڑی قربانیوں کے بعد معرض وجود میں آیا، پاکستان دولخت ہوا تاریخ سے سبق حاصل کرنا ہوگا، ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے کی بجائے اکنامک ایجنڈے پر اکٹھا ہونا ہوگا جو بھی حکومت آئے اکنامک ایجنڈے پر پوری قوم کو یکسو ہونا ہوگا، خارجہ، اقتصادی پالیسی پر بھی سب کو یکسو ہونا ہوگا، قسم کھا کر کہتا ہوں اگر متحد ہوجائیں تو دنیا میں پاکستانی پاسپورٹ کی عزت ہوگی۔
وزیراعظم نے مزید کہا چین پر بعض لوگوں نے ایسے جملے کسے جس سے دوست ملک ناراض ہوا، چین کو یقین دلاتے ہوئے ایک سال ہوگیا آپ کےساتھ ہیں، چین سمجھ گیا پاکستان مشکل میں ہے اور پاکستان کا ہاتھ تھامنا ہوگا۔ شہبازشریف نے کہا دوستوں میں چین، سعودی عرب، قطر اور یو اے ای شامل ہیں، تمام ممالک بھرپور تعاون کررہے ہیں، مدد کرنے والے دوست ممالک پر الزامات سے بڑی محسن کشی کیا ہوگی؟ چین نے بغیر کسی شرط کے تعاون کیا،30 ارب ڈالر کی لاگت سے سی پیک شامل ہے، کسی اور کو وقتی طور پر خوش کرنے کےلئے برے وقت میں ساتھ دینے والے دوستوں کو بھلا دیں تو احسان فراموشی ہوگی،دوست ممالک پر الزامات سے گریز کرنا چاہیے۔
مزید برآں وزیراعظم شہبازشریف سے مسلم لیگ (ن) لاہور کے جنرل سیکرٹری و سابق رکن پنجاب اسمبلی خواجہ عمران نذیر کی سربراہی میں 4 رکنی وفد نے ملاقات کی، موجودہ سیاسی صورتحال سمیت دیگر امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی، وفد نے پنجاب کے نوجوانوں کو لیپ ٹاپ سکیم کے ذریعے حصول علم، روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔ شہباز شریف نے کہا نیک نیتی سے عوام کی خدمت کررہے ہیں ، ملک کو مشکل حالات سے نکال کرہر ممکن ریلیف دیں گے، رکن قومی اسمبلی چودھری عابد رضا کوٹلہ بھی وزیراعظم سے ملے، ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سب کو پاکستانی بن کر پاکستان کے بارے میں سوچنا چاہئے: وزیراعلیٰ پنجاب
پاکستان کرکٹ بورڈ کا 38 کرکٹرز کیلئے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان
پاکستانی ڈرامہ ’در نجات‘ کا جی ٹی اے ورژن وائرل، مکمل ویڈیو دیکھیں
ایران ہمارے ساتھ ڈیل کا خواہشمند، جوہری ہتھیار کبھی حاصل نہیں کرنے دینگے: امریکی صدر
امریکہ، ایران تنازع کا حل جلد نکلنے کی امید ہے: نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار
ملک بھر میں خناق، کالی کھانسی، خسرہ اور موسمی انفلوئنزا کے کیسوں میں اضافہ
الزامات کے بجائے خطے کے مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے، مصدق ملک
فوج کو اپنی قوم کے مقابلے میں طاقتور نہیں دیکھنا چاہتے: مولانا فضل الرحمن
سابق وزیر لیاقت بھٹی قتل، 3 ذاتی محافظ گرفتار، تفتیش میں اہم انکشافات متوقع
کراچی سمیت ملک بھر کے صارفین کو بجلی کا بڑا جھٹکا لگنے کا خدشہ
















