یونان کشتی سانحہ، پاکستان میں یوم سوگ کااعلان،انسانی سمگلرز کیخلاف کریک ڈاﺅن شروع

لاہور، اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے+ بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف نے یونان میں کشتی ڈوبنے کے حادثے میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر پیر کویوم سوگ کا اعلان کردیا اور تحقیقات کےلئے 4 رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی تشکیل دیدی، یوم سوگ کے موقع پر قومی پرچم سرنگوں رہےگا، جاں بحق ہونےوالوں کےلئے خصوصی دعا کی جائےگی۔

اعلیٰ سطحی کمیٹی میں نیشنل پولیس بیورو کے ڈائریکٹر جنرل احسان صادق کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے۔ وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری (افریقہ) جاوید احمد عمرانی ،آزاد جموں و کشمیر پونچھ ریجن کے ڈی آئی جی سردار ظہیر احمد اور وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکرٹری (ایف آئی اے) فیصل نصیر بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔

کمیٹی کشتی ڈوبنے کے تمام حقائق جمع کرےگی، انسانی سمگلنگ کے پہلوﺅںکی تحقیق ہوگی، ذمہ داروں کا تعین کیا جائےگا، عالمی سطح پر مسئلے کے حل کےلئے تعاون و اشتراک عمل کی تجاویز دی جائیں گی۔ فوری، درمیانی اور طویل المدتی قانون سازی کا جائزہ لیا جائےگا، واقعات کا سبب بننے والے افراد، کمپنیوں و ایجنٹوں کو سخت ترین سزائیں دینے کےلئے قانون سازی ہوگی، کمیٹی ایک ہفتے میں رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرےگی، کمیٹی رپورٹ کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائےگی۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے یونان کے قریب بحیرہ روم میں کشتی الٹنے کے واقعہ کی انکوائری، انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کیخلاف گھیرا تنگ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنےوالے ادارے لوگوں کو جھانسہ دےکر خطرناک اقدامات پر مجبور کرنےوالے انسانی سمگلروں کی نشاندہی کریں، انسانی سمگلنگ جیسے گھناﺅنے جرم میں ملوث ایجنٹس کےخلاف فوری کریک ڈاﺅن اور قرار واقعی سزا دی جائے۔

وزیراعظم کی ہدایت پر ایف آئی اے نے ڈی آئی جی عالم شنواری کو واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں و زخمیوں کی معلومات و سہولت کیلئے فوکل پرسن مقرر کر دیا ، چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر نے بھی پاکستانی سفارتخانے ،یونانی حکام سے رابطے و جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کی معلومات کیلئے فوکل پرسن تعینات کردیا۔

شہبازشریف نے کہا کہ یونان کے قریب بحیرہ روم میں کشتی الٹنے کے واقعہ میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر دکھ و رنج ہے، مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں جاں بحق ہونےوالوں کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں، وزیراعظم نے یونان میں پاکستانی سفارتخانے کو ریسکیو کئے جانے والے 12 پاکستانیوں کی دیکھ بھال کی ہدایت بھی کردی۔

دوسری جانب یونان میں کشتی ڈوبنے کے حادثے کے بعد قانون نافذ کرنےوالے اداروں نے انسانی سمگلرز کےخلاف کریک ڈاون تیز کردیا، ایف آئی اے انسداد انسانی سمگلنگ ونگ نے اسلام آباد کے سیکٹر جی 13 میں چھاپہ مار کر ویزے کے نام پر شہریوں سے لاکھوں روپے لوٹنے والا انسانی سمگلر گرفتار کر لیا، ملزم خود کو غیر ملکی قونصل خانے کا ملازم ظاہر کرتا تھا، ایف آئی اے کے مطابق ملزم آصف نے متعدد شہریوں سے کینیڈا امیگریشن کے نام پر پیسے بٹورے، آصف خان کے قبضے سے 12 پاسپورٹس، جعلی کینیڈین اور ترکش ورک ویزے برآمد کرلئے۔

مزید برآں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے یونان کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کو بیرون ملک بھجوانے والے مرکزی کردار طلحہ شاہ زیب کو گرفتار کرلیا،ملزم طلحہ شاہ زیب کو شیخوپورہ سے گرفتار کیا گیا، ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے فاروق آباد کے رہائشی زاہد اکبر سے بیرون ملک بھجوانے کیلئے 65 لاکھ روپے وصول کیے تھے،ملزم نے زاہد اکبرکو لیبیا میں مقیم اپنے ماموں کے پاس بھجوا،ملزم طلحہ شاہ زیب کے والدین اٹلی میں مقیم ہیں۔