بجلی کی قیمتوں میں دی جانےوالی سبسڈی کو برقرار رکھا جائےگا:خرم دستگیر خان

لاہور (خبرنگار) وفاقی وزیر برائے توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے گزشتہ روز لیسکو ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز حافظ میاں نعمان نے چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر سمیت وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان کا استقبال کیا۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر نے کمپنی کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر لیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبران اور تمام سیکشن ہیڈز بھی موجود تھے۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ ملک میں صفر لوڈ شیڈنگ ہو اور اس کےلئے تمام تر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں بجلی کی یکساں قیمت کیلئے 579 ارب کی سبسڈی دی جائے گی، بجلی کی قیمت کم سے کم رکھنے کیلئے تمام ضروری انتظامات کئے جارہے ہیں، کے پی کے اور فاٹا کے علاقوں میں 25 ارب روپے کی بجلی کی مد میں ریلیف دیں گے جبکہ آزاد کشمیر میں بھی 55 ارب روپے کا ریلیف فراہم کریں گے کراچی کے عوام کےلئے 315 ارب روپے کا ریلیف ہے، اس کے علاوہ بلوچستان کے ٹیوب ویلز کے لئے 58 ارب روپے کا ریلیف وفاق دے گا۔ خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور اتحادی حکومت نے بجلی کے مسائل حل کئے، ایک سال میں 3800 میگا واٹ بجلی پاکستان کے سسٹم میں آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے تمام منصوبے نواز شریف کے تحفے ہیں جن کے آج ثمرات مل رہے ہیں۔ موجودہ حکومت نے ملک کو دوبارہ روشنیوں کی جانب گامزن کر دیا ہے، وفاقی وزیر برائے توانائی کا کہنا تھا کہ لیسکو میں مٹیریل کی کمی کو دور کرنے کےلئے لیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے جو اقدامات اٹھائے گئے ہیں وہ قابل تحسین ہیں اس ضمن میں لیسکو کو 10000 میٹرز موصول ہوگئے ہیں جبکہ کمپنی میں اسٹاف کی کمی کو پورا کرنے کے لئے بھی تجاویز زیرغور ہیں۔