لاہور (حافظ کاشف سندھو سے) لاہور شہر میں اپنی من پسند ڈویڑنز کے ایک ہی تھانے میں بار بار تعینات رہنے والے پرانے بھیدی پولیس اہلکار سائلین کیلئے درد سر بن گئے، ان اہلکاروں کی وجہ سے جرائم کی شرح خوفناک حد تک بڑھ گئی۔روزانہ کی بنیاد پر منشیات کی خریدو فروخت چوری،ڈکیتی،راہزنی سمیت دیگر وارداتوں سے شہر کا امن داو¿ پر لگ گیا، اعلیٰ پولیس حکام نے خاموشی اختیار کرلی۔تفصیلات کے مطابق لاہور شہر میں ایک ہی تھانے میں باربار تعینات ہونیوالے پرانے بھیدی پولیس اہلکاروں کی وجہ سے جرائم پیشہ افراد کے حوصلے بلند ہو گئے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ درجنوں ایسے پولیس اہلکار جو عرصہ دراز سے اپنی من پسند ڈویڑنز کے تھانوں میں تعینات ہیں ان اہلکاروں نے رہائشی کے ساتھ ساتھ یہاں دوستیاں اور رشتے داریاں تک بنا رکھی ہیں ان کی شناسائی اور پرانے واسطوں کیوجہ سے پولیس کی کارکردگی صفر ہو کر رہ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افراد کیساتھ ان بھیدی پولیس اہلکاروں کے ” گٹھ جوڑ اور تعلق“کے چرچے عام ہیں جو ریڈ ہونے سے قبل اپنے محسنین کو آگاہ کرکے محکمے اور ان ایماندار پولیس اہلکاروں کے خون کے ساتھ غداری کے مرتکب ہو رہے ہیں جو شہر کا امن قائم رکھنے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ اگر کوئی منشیات فروش توبہ کر بھی لے تو یہ اہلکار اپنی منتھلی کی وصولی بحال رکھنے کیلئے اس پر ایف آئی آرز کروا دیتے ہیں جس سے تنگ آکہ وہ دوبارہ منشیات فروشی شروع کر دیتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے بہت سے پولیس اہلکار ایسے بھی ہیں جو اپنی من پسند ڈویڑن کے تھانے میں ہی تعیناتی کے دوران کانسٹیبل بھرتی ہونے کے بعد اے ایس آئی اور سب انسپکٹروں کے عہدوں پر فائز ہیں ۔ شہری اور سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے من پسند ڈویژنز اور ایک ہی تھانے میں بار بار تعینات ہونے والے پرانے بھیدی پولیس اہلکاروں کے فوری تبادلے اور ایک ہی ڈویژنز میں تعیناتی پر پابندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مٹھی بھر اہلکاروں کی وجہ سے جہاں پولیس کی کارکردگی صفرہو کر رہ گئی ہے وہاں جرائم پیشہ افراد کی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے، ان بھیدی اہلکاروں کی تبدیلی کے بعد شہر کا امن بحال ہونے کا قوی امکان ہے۔
چوری، ڈکیتی، راہزنی، منشیات سمیت دیگر وارداتوں سے شہر کا امن داو پر
















