پی ٹی آئی کے مزید رہنما وں نے راہیں جدا کرلیں: ترین کی پارٹی کیلئے 2 مجوزہ ناموں پر غور

لاہور(خبرنگار)پاکستان تحریک انصاف کی سابق ممبر صوبائی اسمبلی عائشہ اقبال اور رضا نصر اللہ گھمن نے پارٹی اور سیاست سے علیحدگی کا اعلان کر دیا،پریس کانفرنس میں عائشہ اقبال نے 9مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا پی ٹی آئی اور سیاست سے مکمل کنارہ کش ہو رہی ہوں، خون خرابے والی سیاست پسند نہیں، فیصلہ کیا ہے سیاست مکمل چھوڑ دوں گی،انہوں نے کہا میں ایک عام پارٹی ورکر ہوں، پارلیمانی سیکرٹری نہیں تھی، پارٹی کے چیئرمین کو تو میرا نام بھی معلوم نہیں ہوگا، میں نے لاہور میں ایک لاکھ پودے لگائے، میرا ٹرانس جینڈر کا سکول چل رہا ہے، مجھے سیٹ ویلفیئر کے کاموں کی وجہ سے ملی،پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا مجھے دو مرتبہ کروڑوں کی آفرز ہوئیں میں نے انکار کر دیا، اس وقت ملکی حالات کی وجہ سے ہر کوئی پریشان ہے، میں یہاں ملک کی خدمت کیلئے ہوں، اللہ تعالی پاکستان کو سلامت رکھے، پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے، پاکستان ہے تو سب کچھ ہے،پی ٹی آئی رہنما رضا نصر اللہ گھمن نے تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا 9مئی کا واقعہ پاکستان کی تاریخ میں دلخراش واقعہ تھا، 9مئی کے واقعے کی پرزور مذمت کرتا ہوں،انہوں نے کہا میں نے سیاست کو دین کا جزو سمجھ کر کیا، میں نے 21سال سیاست کی اور اپنے لوگوں کیلئے بہترین کام کیے، کچھ دیر کیلئے سیاست سے کنارہ کشی کر رہا ہوں، چاہتا ہوں خاندان کو بھی وقت دوں،دوسری جانب پی پی 68سے تحریک انصاف کے امیدوار قمر خان نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر خان نے کہا ہے 9مئی کی شرپسند کارروائیوں کی مذمت کرتا ہوں، واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے، شہدا کی یادگار اور دفاعی تنصیبات پر حملوں کی بھی شدید مذمت کرتا ہوں،قمر خان نے مزید کہا ہے پاک فوج اس ملک کی محافظ ہے ہم اس کے ساتھ کھڑے ہیں، آئندہ کا سیاسی لائحہ عمل سپورٹرز کی مشاورت سے طے کروں گا، الیکشن 2018میں میری کارکردگی پر عمران خان نے مجھے ٹکٹ دیا،دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما اور سینئر سیاستدان جہانگیر ترین کی نئی سیاسی جماعت کیلئے 2 مجوزہ نام سامنے آگئے ہیں جن میں عوام دوست پارٹی اور پاکستان انصاف پارٹی کے نام شامل ہیں تاہم فی الحال اس حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ذرائع کے مطابق نئی سیاسی جماعت کے لئے متعدد نام زیر غور آئے جن میں دو مجوزہ ناموں پر غور کیا جارہا ہے ۔ دوسری جانب یہ مشاورت بھی جاری ہے کہ الگ سیاسی جماعت بناکر کردار ادا کیا جائے گروپ کی صورت میں کسی صورت کی حمایت کی جائے اور اس حوالے سے گروپ میں مختلف آراءپائی جاتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق آئندہ کی سیاسی حکمت عملی کے حوالے سے رواں ہفتے حتمی فیصلہ کیے جانے کا امکان ہے ۔