دین، وطن اور افواج پاکستان سے محبت ہی ہماری اساس ہے : طاہر محمود اشرفی

لاہور (نمائندہ خصوصی)دین ، وطن ، افواج پاکستان سے محبت ہماری اساس ہے ، وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہے ، نفرتیں ختم کرنے اور محبتیں پھیلانے کیلئے جدوجہد کرنی ہو گی، 75 سال میں جو کام دشمن نہ کر سکا وہ اپنوں نے کر دیا ، 9 مئی کے دن اسلام اور پاکستان کے دشمن خوش ہوئے ، پاکستان مسلمانوں اور غیر مسلموں کا ملک ہے ، ہر پاکستانی کے حقوق کا تعین آئین نے کر رکھا ہے ، اقلیتوں کے حقوق اور معاشرتی اقدار کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے ، مبلغ کا کام محبت پھیلانا ہے نفرت نہیں، نوجوان نسل کو گمراہ کرنے والے وطن اور قوم سے مخلص نہیں۔ یہ بات چیئرمین پاکستان علما کونسل و صدر انٹرنیشنل انٹرفیتھ ہارمنی کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے استحکام پاکستان طلبا کنونشن سے راولپنڈی میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ قوم جاننا چاہتی ہے کہ 9 مئی کے واقعات کی پشت پناہی کرنے والے کون ہیں ، شہدا وطن کی یادگاروں کی توہین ، جی ایچ کیو پر حملے اور جناح ہاﺅس کو جلانے والوں کی ذہن سازی کس نے کی ؟ نوجوان نسل کو جذباتی نعرے دے کر مذموم مقاصد کیلئے استعمال کرنے والوں کا احتساب ہونا چاہیے ، ہمارا پیغام ہے کہ نوجوان نسل اپنے دین ، وطن ، افواج پاکستان کے ساتھ اسی طرح شانہ بشانہ کھڑی ہو جس طرح یوم تکریم شہدا پر کھڑی ہوئی ۔ یوم تکریم شہدا ریفرنڈم تھا، پاکستانی قوم کی افواج پاکستان ، شہدا اور سلامتی کے اداروں کے حق میں یہ سوال پوری قوم پوچھ رہی ہے کہ یوم تکریم شہدا نہ منانے والے کون ہیں ، کیا شہدا پاکستان ان کے شہدا نہیں ہیں ۔ پاکستان علما کونسل و پاکستان طلبا کونسل ملک بھر میں نوجوان نسل کو حقائق سے آگاہ کرنے کیلئے طلبا و علما کنونشنز منعقد کرےگی ، آئمہ ، خطبا سے اپیل ہے کہ وہ خطبات جمعہ میں نوجوان نسل کی دین ، وطن اور پاک فوج کی خدمات کے حوالے سے رہنمائی کریں، ہمارا موقف واضح ہے کہ کسی بے گناہ کو سزا نہیں ہونی چاہیے اور کسی گناہگار کو رہا نہیں ہونا چاہیے۔