راولپنڈی(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی کے سابق رہنماﺅں کی جیل میں شاہ محمود قریشی سے ملاقات،پارٹی چھوڑنے کیلئے آمادہ کرنے کی کوشش کرتے رہے،ذرائع کے مطابق جیل میں قید شاہ محمود قریشی سے فواد چودھری، عامرکیانی، عمران اسماعیل اور مولوی محمود نے ملاقات کرکے پارٹی چھوڑنے پرآمادہ کرنے کی کوشش کی۔
فواد چودھری نے شاہ محمود قریشی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ترجیحات جیل میں قیدکارکن ہیں، آپ کو بھی جیل سے باہر آنا چاہئے،ملکر مشترکہ طور پر سیاسی بحران کا حل نکالنا ہے، اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے بھی کارکنوں کی ترجیحی بنیادوں پر رہائی کی آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کارکن ،عوام کو مشکل صورتحال سے نکالنے کی ضرورت ہے۔
ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہاپی ڈی ایم حکومت کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیں گے، 9 مئی کو گرفتار بےگناہ کارکنوں کو جیلوں سے نکالنا ذمہ داری ہے،فواد چودھری نے کہا ملک کے 25کروڑ عوام کو نواز شریف، زرداری اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے سہارے پر نہیں چھوڑ سکتے،اپنے نظرئیے کےساتھ کھڑے اور ملکی بہتری کےلئے کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔
فواد چودھری نے مزید کہاملک کی موجودہ صورتحال اور مسائل پر پی ٹی آئی کی سابق وموجودہ قیادت سے مذاکرات ہوئے، اسد عمر ،اسد قیصر ، پرویز خٹک سمیت سب سے رابطہ ہوا، تمام قیادت ملک کو مسائل سے نکالنے ،مستحکم پاکستان کی خواہش مند ہے امید ہے کامیاب ہوجائیں گے،ملک میں سیاسی استحکام کےلئے اپنی سیاسی کوششیں جاری رکھیں گے، موجودہ سیاسی و معاشی بحران کی واحد ذمہ دار صرف پی ڈی ایم ہے، اب پاکستان کو مستقل مستحکم حل کی طرف جانا ہوگا ،شاہ محمود قریشی بھی کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں،فواد چودھری نے کہا9مئی کو متعدد بےگناہوں کو پکڑ کر جیلوں میں ڈالا گیا ، بےگناہ کارکنوں کو جیلوں سے باہر نکالنا ذمہ داری ہے،سابق ساتھیوں سمیت تمام لوگوں کےساتھ اچھی گفتگو ہوئی ، امید ہے کوئی اچھا حل نکلے گا۔
پارٹی چھوڑ دیں،پی ٹی آئی کے سابق رہنما ﺅں کی قریشی کو منانے کی کوششیں
















