اسلام آباد،راولپنڈی ،لاہور(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)پی ٹی آئی شرپسندوں کے گرد گھیراتنگ،مزید14ملزم فوجی عدالتوں کے سپرد، 40 کارکنوں پر مقدمات سے دہشتگردی کی دفعات ختم،محمود الرشید کامزید2روزہ ریمانڈ منظور،یاسمین راشد کو جیل بھیج دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہنگامہ آرائی میں ملوث پی ٹی آئی کے مزید 6 شرپسندوں کو فوجی عدالت کے حوالے کردیا گیا،پولیس کے مطابق شرپسندوں کو تفتیش و ٹرائل کےلئے فوجی عدالتوں کے حوالے کیا گیا ، ملٹری کورٹس کو دئیے جانے والے کیسز کے ٹھوس شواہد بھی فراہم کردئیے،تمام شرپسند براہ راست جناح ہاوس و دیگر حساس تنصیبات کی حدود کے اندر جلاو گھیراو کرتے رہے، شواہد کی تصدیق ہونے پر کیسز منتقل کیے گئے۔
ادھر راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے جی ایچ کیو پر حملے میں نامزد 8 ملزموں کو ملٹری کورٹس کے حوالے کرنے کاحکم دےدیا ،عدالتی حکم کے مطابق ملزموں کا جرم آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی دفعہ 3,7,9 کے زمرے میں آتا ہے، انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی کے جج حامد حسین نے احکامات جاری کیے۔
دریں اثنا پی ٹی آئی کے 40 کارکنوں پر درج مقدمات سے دہشتگردی کی دفعات ختم کردی گئیں،جج اعجاز احمد بٹر کے روبرو پولیس انسپکٹر رشید شہزاد نے مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کی رپورٹ پیش کی، تفتیشی افسر نے کہا مقدمے کی تفتیش کے دوران دہشت گردی کی دفعات فعال نہیں کرتیں۔
وسری جانب خصوصی عدالت میں سماعت کے موقع پر پولیس نے سابق صوبائی وزیر میاں محمود الرشید کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے 2روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا،خصوصی عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر یاسمین راشد کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
مزید14ملزم فوجی عدالتوں کے سپرد،محمود الرشید کا2روزہ ریمانڈ،یاسمین راشد جیل منتقل
















