بجٹ میں عوام کور یلیف دینگے،9 مئی طرز کے واقعات ناقابل برداشت ہیں،وزیراعظم

اسلام آباد،لاہور(بیورورپورٹ،اپنے رپورٹر سے)وزیر اعظم شہباز شریف نے یوم تکریم شہدا پاکستان میں بھرپور شرکت پر قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے ملکر ایک ریڈ لائن مقرر کی 9 مئی طرز کے واقعات ناقابل برداشت ہیں،اپنی ٹوئٹ میں وزیراعظم نے کہا25مئی کادن پوری قوم کی طرف سے شہدا اور غازیوں کےلئے اظہار تشکر کی تقریبات تھیں،ملکر ریڈ لائن طے کی 9 مئی طرز کا رویہ ناقابل برداشت ہے،وزیر اعظم نے کہا زندہ قومیں اپنے محسنوں ،ہیروز کی عزت اور وقار کو برقرار رکھتی ہیں ۔شہدانے اپنی زندگی کی سب سے بڑی قربانی پیش کی تاکہ عوام امن سے رہ سکیں۔

دریں اثنا وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیر مملکت خزانہ عائشہ غوث پاشا ،معاون خصوصی شزا فاطمہ خواجہ ، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ ریاض ،رکن قومی اسمبلی نواب شیر وسیر ،وزیر مملکت داخلہ عبد الرحمن کانجو ،سابق ایم این اے صدیق بلوچ نے الگ الگ ملاقات کی۔

وزیر مملکت عائشہ غوث پاشا نے وزیر اعظم شہباز شریف کو آئندہ بجٹ پر پیشرفت، عوامی ریلیف اور ملکی مجموعی اقتصادی صورتحال سے آگاہ کیا، وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا آئندہ بجٹ میں عوامی ریلیف کیلئے اقدامات یقینی بنا رہے ہیں،ملکی معیشت کو مشکل حالات سے استحکام کی طرف لےکر آئے،مشکلات کے باوجود معاشی ٹیم نے معیشت کے استحکام کیلئے محنت جاری رکھی جو لائق تحسین ہے۔

شہبازشریف نے کہاملکی تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب میں متاثرین کو مالی مدد و بحالی کی مد میں بڑا ریلیف پیکیج دیا،تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عام آدمی تک پہنچانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔


وزیراعظم نے معاون خصوصی شزا فاطمہ خواجہ سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا نوجوانوں کو یکساں ترقی کے مواقع و باوقار روزگار کی فراہمی ترجیح ہے ،نوجوانوں کو تعلیم و ہنر کی بین الاقوامی معیار کی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے،حال ہی میں کوئٹہ میں 34ویں نیشنل گیمز کے افتتاح پر نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں حصہ لیتے دیکھ کر دلی مسرت ہوئی،مقصد نوجوانوں کومثبت سرگرمیوں میں اپنی توانائیوں کے بھرپور استعمال کے مواقع فراہم کرکے منفی پر وپیگنڈے کے اثرات سے بچانا ہے۔

معاون خصوصی شزا فاطمہ خواجہ نے وزیر اعظم کو یوتھ پروگرام پر پیشرفت سے آگاہ کیا،انہوں نے کہا گزشتہ برس شروع کئے گئے یوتھ پروگرام کے تحت 60ہزار نوجوانوں کو مختلف ہنر کی پیشہ وارانہ تربیت دی جا چکی ،40ہزار نوجوانوں کی مفت تربیت کا پروگرام جلد شروع کیا جا رہا ہے،مجموعی طور پر کاروبار و زراعت کیلئے نوجوانوں کو آسان شرائط پر 13.5ارب کے قرضے فراہم کئے جا چکے ،آئندہ چند ماہ میں 16.5ارب کے مزید قرضے فراہم کئے جائیں گے،وزیر اعظم شہباز شریف نے یوتھ پروگرام پر پیشرفت کو سراہا۔

وزیراعظم شہباز شریف سے قائد حزب اختلاف راجہ ریاض ،رکن قومی اسمبلی نواب شیر وسیر ، وزیر مملکت داخلہ عبد الرحمن کانجو ،سابق ایم این اے صدیق بلوچ نے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا ۔

اپنی ایک اور ٹوئٹ میںوزیر اعظم شہباز شریف نے کہا اقوام متحدہ امن مشن کے 75 سال مکمل ہونے پر 8 پاکستانی امن فوجیوں کو بعد از شہادت اعزاز سے نوازا گیا،پاکستان کو اقوام متحدہ کے پرچم تلے امن مشن میں سب سے زیادہ کردار ادا کرنے والے ممالک میں سے ایک ہونے پر فخر ہے،پاکستانی فوجیوں نے انتہائی پیچیدہ ،خطرناک تنازعات والے علاقوں میں جان کی قربانیاں دیں،امن کے رکھوالوں پر فخر ہے، اپنے فرض سے بے مثال وابستگی ہے۔

علاوہ ازیںوزیر اعظم شہباز شریف نے کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارک دیتے ہوئے کہا سی پی این ای اہل قلم و صحافت کے ممتاز ناموں کا خوبصورت گلدستہ ہے ،وزیر اعظم شہباز شریف نے ارشاد عارف کو صدر، انور ساجدی کو سینئر نائب صدر اور اعجازالحق کو سیکرٹری جنرل منتخب ہونے پر مبارک دیتے ہوئے تمام نومنتخب عہدیداروں کےلئے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا آپ کا انتخاب سی پی این ا ی میں شامل آپ کے ساتھیوں کے اعتماد کا مظہر ہے ،سی پی این ای کی صحافت ،صحافیوں کی فلاح و بہبود اور بہتری کےلئے کوششوں میں حکومت بھرپور تعاون فراہم کرے گی،نومنتخب عہدیداروں کےلئے دعا ہے وہ اپنی ذمہ داریوں میں سرخرو ہوں اور اپنی کمیونٹی کے اعتماد پر پورا اتریں،مزید برآںوزیر اعظم شہباز شریف نے استور میں شونٹر ٹاپ سے برفانی تودہ گرنے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔