”خدا حافظ خان صاحب“پلر عمران اسماعیل،علی زیدی سمیت مزید کھلاڑی کپتان کاساتھ چھوڑ گئے

اسلام آبادلاہور،کراچی،پشاور(بیورورپورٹ،خبر نگار)”خدا حافظ خان صاحب“پلر عمران اسماعیل،علی زیدی سمیت مزید کھلاڑی کپتان کاساتھ چھوڑ گئے،جہانگیر ترین کے فواد، فردوس و دیگر سے رابطے، کئی رہنما گروپ میں شمولیت کیلئے رضامند،پی ٹی آئی چھوڑنے والے 26 سابق اراکین اسمبلی کا ق لیگی قیادت سے رجوع، آئندہ انتخابات میں پارٹی ٹکٹوں کا مطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان کو چھوڑنے والوں کاسلسلہ رکنے کانام ہی نہیں لے رہا،سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے تحریک انصاف سے راہیں جدا کرتے ہوئے کہاشاید میری آخری سیاسی پریس کانفرنس ہو، پی ٹی آئی کے بانی اراکین میں سے ہوں، عمران خان سے بڑا اچھا تعلق رہا، سیاسی جدوجہد میں بہت سے اتار چڑھاو آئے،عمران خان سے پی ٹی آئی بننے سے قبل تعلق تھا وہ لوگ بیٹھ کر سوچیں جنہوں نے خان صاحب کو آئیڈیا ز دیئے،9 مئی منحوس دن تھا،کور کمانڈر، جی ایچ کیو پر حملہ ہوا، فیصلہ ہونا باقی ہے کس نے حملہ کیا ، انکوائری کرکے ملوث لوگوں کو سزا ملنی چاہیے، سب کا دل شہدا کےساتھ ہے،بچپن سے خواہش تھی پاکستان ایئرفورس جوائن کروں،9مئی کے واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے،تحریک انصاف کے تمام عہدوں سے استعفیٰ دیتا ہوں اور پی ٹی آئی کو چھوڑتا ہوں، خان صاحب آپ کو خدا حافظ ! ۔

علی زیدی نے ویڈیو پیغام میں9مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کافی سوچ بچار کے بعد سیاست چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا،پی ٹی آئی کے تمام عہدوں سے استعفیٰ دے رہا ہوں،پاکستان کےلئے سیاست میں آیا تھا، 9مئی کے واقعات کی مذمت کی تھی اور دوبارہ کرتا ہوں، افواج پاکستان فخر ہے،سانحہ9مئی میں ملوث افراد کوکیفرکردار تک پہنچانا ضروری ہے،پاکستان کی خدمت کرنے کی کوشش کروں گا۔

ادھر سابق صوبائی وزراءسمیت مزید کئی رہنماوں نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا،پی ٹی آئی سے علیحدگی اختیار کرنے والوں میں سابق صوبائی وزیر داخلہ ہاشم ڈوگر، تیمور بھٹی، سمیع ، چودھری اخلاق، سابق چیئرمین ٹیوٹا مامون تارڑ، سردار منصب ڈوگر ،ڈاکٹر اختر ملک، میاں طارق عبداللہ،راجہ خرم نواز،شوکت علی ودیگر شامل ہیں۔

تمام رہنماﺅں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاپاک فوج ریڈ لائن ہے، تحریک انصاف سے اپنی راہیں جدا کر رہے ہیں، 9مئی کو دلخراش واقعات ہوئے جسے نہیں بھول سکتے، فوجی جوان ملک اور قوم کیلئے زندگیاں قربان کر رہے ہیں، 9مئی میں ملوث افراد کو سزائیں ملنی چاہئیں۔

دوسری جانب جہانگیر ترین گروپ نے تحریک انصاف چھوڑنے والے رہنماوں اور سابق اراکین اسمبلی سے رابطے کرلیے،ذرائع ترین گروپ کے مطابق تحریک انصاف کے متعدد رہنما جہانگیرترین گروپ میں شمولیت کیلئے رضامند ہیں اور حالیہ دنوں میں جہانگیر ترین نے 100 سے زائد رہنماوں سے رابطے و ملاقاتیں کیں،فواد چودھری اور فردوس عاشق اعوان بھی جہانگیر ترین سے رابطے میں ہیں جبکہ خیبرپختونخوا سے بھی کئی رہنما جہانگیرترین گروپ سے رابطے میں ہیں،آئندہ 2،3روز میں پی ٹی آئی چھوڑنے والے جہانگیرترین کے ساتھ چلنے کا اعلان کریں گے۔

ذرائع جہانگیر ترین کے مطابق فواد چودھری نے جہانگیر ترین سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور سیاسی لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا،فواد چودھری اپنی ٹوئٹ میں کہا میں پہلے ہی کہہ چکا ہوں سیاست سے وقفہ لے رہا ہوں، فی الحال سیاست کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔

مزید برآں تحریک انصاف چھوڑنے والے 26 اراکین اسمبلی نے مسلم لیگ (ق) کی قیادت سے رابطہ کرلیا ،رابطہ کرنے والوں میں فیض کموکا، چودھری اخلاق و دیگر شامل ہیں، پی ٹی آئی چھوڑنے والے اراکین نے (ق )لیگ میں شمولیت کی خواہش کا اظہار کیا، منحرف اراکین نے آئندہ انتخابات میں پارٹی ٹکٹوں کا مطالبہ بھی کردیا، مسلم لیگ (ق )نے چودھری سرور کو رابطوں کی ذمہ داری سونپ دی۔